Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

محسن نقوی کو سینیٹ کی نشست سے نااہل قرار دینے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

محسن نقوی چیئرمین پی سی بی کا عہدہ رکھتے ہوئے سینیٹر بننے کے اہل نہیں، درخواست
شائع 28 جون 2024 09:24am

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو سینیٹ کی نشست سے نااہل قرار دینے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ میں درخواست شہری مشکور حسین نے ماہر قانون ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی، جس میں درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، پی سی بی اور محسن نقوی کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ محسن نقوی چیئرمین پی سی بی کا عہدہ رکھتے ہوئے سینیٹر بننے کے اہل نہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ سینیٹ کی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت محسن نقوی پی سی بی کے چیئرمین تھے، آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت محسن نقوی سینیٹر کے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیے

درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ محسن نقوی کو سینیٹر کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ 5 اپریل 2024 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب، بلوچستان اور اسلام آباد سے منتخب ہونے والے سینیٹرز کے نوٹیفیکیشن جاری کیے تھے۔

پنجاب سے محسن نقوی کا آزاد حیثیت میں اور جنرل نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے احد چیمہ، پرویز رشید، طلال چوہدری اور ناصر محمود کامیاب ہوئے جبکہ کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا۔

6 فروری کو اُس وقت کے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو 3 برس کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ منتخب کیا گیا تھا۔

الیکشن میں پی سی بی بورڈ آف گورنر میں شامل مصطفیٰ رمدے اور محسن نقوی مدِمقابل تھے، تاہم مصطفیٰ رمدے نے بھی محسن نقوی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

Interior Minister

Lahore High Court

chairman pcb

mohsin naqvi