Aaj News

اتوار, جون 30, 2024  
23 Dhul-Hijjah 1445  

انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے امریکی مطالبے پر پاکستان کا جواب دینے کا فیصلہ

امریکی قرارداد کا سخت نوٹس لیا ہے، قومی اسمبلی میں ایک قرارداد پیش کی جائے گی، اسحاق ڈار کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال
شائع 27 جون 2024 12:50pm

پاکستان میں عام انتخابات مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے حوالے سے امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی قرارداد کے مقابلے میں قرارداد لانے کا اعلان کردیا اور کہا کہ پاکستان امریکی کانگریس کی قرارداد کو مسترد کرتا ہے، قرارداد کا مسودہ تیار ہے، سب سے شیئر کریں گے، اپوزیشن قرارداد کی حمایت کرے، پاکستان کے اندرونی معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، وزیراعظم شہباز شریف بھی قومی اسمبلی ایوان میں موجود ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ کی منظوری کا عمل جاری ہے، اپوزیشن نے خارجہ ڈویژن کے 2 مطالبات زر پر کٹوتی کی 27 تحاریک پیش کردیں، خارجہ امور ڈویژن کے مطالبات زر پر کٹوتی کی تحاریک پر اراکین نے بحث کی۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی پر ایوان کا خصوصی اجلاس بلانے کی تجویز مناسب ہے، بجٹ اجلاس کے بعد خارجہ پالیسی پر بحث کے لیے اجلاس بلا لیا جائے۔

امریکی کانگریس میں پاکستان کے انتخابات میں دھاندلی کے دعوؤں کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات کی قرارداد منظور

اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پر دفتر خارجہ نے اپنا مؤثر رد عمل دیا جبکہ امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پر وزیر خارجہ نے دفترخارجہ کا رد عمل ایوان میں پڑھ کر سنایا۔

وزیرخارجہ نے اعلان کیا کہ ہم امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کے جواب میں قرارداد لائیں گے، امریکی قرارداد کا سخت نوٹس لیا ہے اور اس حوالے سے قومی اسمبلی میں ایک قرارداد پیش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے کے لیے مسودہ تیار کرلیا، قرارداد کا مسودہ اپوزیشن کے ساتھ بھی شیئرکریں گے، ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔

نائب وزیراعظم نے اپوزیشن رہنماؤں سمیت تمام جماعتوں سے امریکی قرارداد کے خلاف مشترکہ موقف اپنانے کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اسرائیل کی کھل کر مذمت کی، ہم نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف جنگ فوری بند ہونی چاہیئے، یہ کہنا درست نہیں کہ حکومت نے فلسطین کے مسئلے پر آواز نہیں اٹھائی۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت نے سوشل میڈیا سے اسلامو فوبیا پرمبنی مواد ہٹانے کے لیے اقدامات اٹھائے، پر امن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، افغانستان ہمارے ترجیحی ایجنڈے پر رہے گا، موجودہ حکومت نے معاشی سفارت کاری کا آغاز کیا ہے۔

عامر ڈوگر

سنی اتحاد کونسل کے رکن اسمبلی عامر ڈوگر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی خارجہ پالیسی پر بحث کے لیے ایوان میں ایک دن مقرر کیا جائے، آج ہماری خارجہ پالیسی کمپرومائزڈ ہے، ہمیں آزاد اور خود مختار پالیسی بنانے کی ضرورت ہے، مظلوم فلسطینی بھائیوں کو آج ہم نے اکیلا چھوڑ دیا ہے، ہم ہیں کہاں، کبھی ہم امریکا کے پیچھے چلتے ہیں کبھی چین کے پیچھے۔

امریکی ایوان میں منظور ہوئی قرارداد سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، شیری رحمان

عامر ڈوگر نے کہا کہ ہمسائیوں کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے ہونے چاہئیں، ہمیں ایران اور ہندوستان کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر کرنے چاہئیں، پاکستان میں ہمیشہ دراندازی اور شورش افغانستان سے آئی، افغانستان کے حوالے سے ہماری خارجہ پالیسی واضح ہونی چاہیئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے غزہ کے نہتے مسلمانوں پر ظلم و پردنیا میں کسی فورم پر آواز نہیں اٹھائی، فلسطینیوں پر 24 گھنٹے بمباری ہو رہی ہے مگر افسوس حکمران خاموش ہیں، اس سے بڑی شرمناک خارجہ پالیسی نہیں ہو سکتی۔

علی محمد خان

سنی اتحاد کونسل کے علی محمد خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کے لیے سب سے اہم مسلئہ فلسطین ہے، سیو غزہ کمپین کچھ مہینوں سے چل رہی ہے، وزیرخارجہ تشریف لے جائیں گے تو سیو غزہ کیمپین کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم نے فلسطینیوں کے وکیل کے طور پر پالیسی کا فریم ورک دیا، قائد اعظم کی پالیسی کے مطابق اسرائیل مغرب کا ناجائز بچہ ہے، فلسطین میں شہادتوں کی اکثریت بچوں اور عورتوں کی ہے، اسرائیل اسپتالوں میں بچوں اور خواتین کو مار رہا ہے۔

علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے اس مسلئے پر توانا آواز بلند کی، وزیرِ خارجہ اور وزیراعظم مسئلہ فلسطین پر ویسی ہی توانا آواز بلند کریں، بانی پی ٹی آئی نے افغانستان میں امن کے لئے دو او آئی سی کانفرنسز منعقد کیں، بانی پی ٹی آئی نے فلسطین اور امت مسلمہ کے مسائل پر اسلامک بلاک کی بات کی۔

قومی اسمبلی کے ایوان میں کچھ دیر کے لیے بجلی چلی گئی

دوران اجلاس قومی اسمبلی کے ایوان میں کچھ دیر کے لیے بجلی چلی گئی اور پھر واپس آگئی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ ہم سولر پہ ہیں بجلی جانی نہیں چاہیئے۔

خارجہ امور ڈویژن کے 51 ارب 86 کروڑ روپے سے زائد کے 2 مطالبات زرمنظور کرلیے گئے جبکہ خارجہ امور ڈویژن کے مطالبات پر اپوزیشن کی کٹوتی کی 27 تحاریک مسترد کردی گئیں۔

Ishaq Dar

اسلام آباد

National Assembly

Ali Muhammad Khan

Election 2024

Election Rigging

Resolution in Congress

US Congress Pakistan Election