Aaj News

جمعرات, جولائ 04, 2024  
27 Dhul-Hijjah 1445  

کراچی میں نجی کمپنی کی تیزرفتار بس دیوار سے ٹکراگئی، ایک ملازم جاں بحق

حادثے کے باعث شارع فیصل اور بلوچ پل پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی
اپ ڈیٹ 27 جون 2024 09:38am

کراچی میں شارع فیصل بلوچ کالونی پل کے قریب نجی کمپنی کی تیز رفتار بس بے قابو ہو کر دیوار سے جا ٹکرائی، حادثے میں ایک ملازم جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نجی کمپنی کے ملازمین سے بھری ہوئی بس شارع فیصل پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر بلوچ کالونی پل کے قریب دیوار سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں بس کا اگلا حصہ شدید متاثر ہوا، ڈرائیور بھی بس میں پھنس گیا، حادثے میں 20 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک دوران علاج دم توڑ گیا، جس کی شناخت الطاف کے نام سے ہوئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔

حادثے کے باعث شارع فیصل اور بلوچ پل پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ ٹریفک پولیس نے ہیوی ریکوری مشینری کی مدد سے بس کو نکالا اور تھانے منتقل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں، حادثہ ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا یا کسی اور کی اس حوالے سے جلد رپورٹ سامنے لائی جائے گی۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 32 سالہ مصطفی عبدالکریم، 23 سالہ انصار ولی ولد عباد، 22 سالہ محمد فاروق ولد نذیر، 17 سالہ عیان ولد شمیم،18 سالہ عفان ولد شمیم، 19 سالہ عبد ولید ولد محمد صدیق، 16 سالہ انس ولد عابد حسین، 21 سالہ محبوب ولد حمید، 18 سالہ وصی اللہ ولد عزیز اللہ، 26 سالہ اعجاز ولد قربان ولی، 20 سالہ سخاوت ولد نعمت، 19 سالہ شعیب ولد ولی میاں، 21 سالہ رزاق ولد عبدلخالق، 20 سالہ سلمان احمد ولد جمیل، 20 سالہ نور، 22 سالہ عارف ولد حبیب علی شامل ہیں۔

karachi

traffic accident

Road Accident

shahrah e faisal