Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

امریکی کانگریس میں پاکستان کے انتخابات میں دھاندلی کے دعوؤں کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات کی قرارداد منظور

قرار داد میں پاکستان کے عوام کی جمہوریت میں شرکت کو دبانے کی کوششوں کی مذمت کی گئی
اپ ڈیٹ 26 جون 2024 04:22pm

اسلام آباد: امریکی ایوان نمائندگان نے بھاری اکثریت سے پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد انتخابی دھاندلی کے دعوؤں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے حق میں ووٹ دے دیا۔

پاکستان کے فروری 2024 کے انتخابات میں مبینہ مداخلت یا بے ضابطگیوں کے دعووں کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات کی قرارداد پرامریکی ایوان میں 7 کے مقابلے میں 368 امیدواروں نے ووٹ دیا۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات میں دھاندلی کےالزامات کو مسترد کردیا

قرارداد میں پاکستان کے عوام کی جمہوریت میں شرکت کو دبانے کی کوششوں، ہراساں کرنے، دھمکیاں دینے، تشدد، من مانی حراست، انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن تک رسائی پر پابندی سمیت شہری یا سیاسی حقوق کی کسی بھی خلاف ورزی کی مذمت کی گئی۔

ایوان کی ہاؤس ریزولوشن 901 میں کہا گیا کہ یہ پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی حمایت کا اظہار کرنا ہے۔ قرارداد نے ”پاکستان کے سیاسی، انتخابی یا عدالتی عمل کو تباہ کرنے کی کسی بھی کوشش کی بھی مذمت کی۔“ عمران خان کا سپریم کورٹ سے رجوع، الیکشن دھاندلی کی آئینی درخواست پر جلد سماعت کی استدعا

قرار داد میں پاکستانی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ جمہوری اور انتخابی اداروں، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھے اور پاکستانی عوام کی آزادی صحافت، آزادیِ اجتماع اور تقریر کی بنیادی ضمانتوں کا احترام کرے۔

اس پیشرفت پر تبصرہ کرتے ہوئے واشنگٹن کے ولسن سینٹر میں ساؤتھ ایشیا انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر مائیکل کوگل مین نے کہا کہ ووٹوں کا مارجن نمایاں تھا۔

انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ “ایوان کے 85 فیصد ارکان نے اس پر ووٹ دیا، اور 98 فیصد نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا یہ کافی اہم ہے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات کے دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی، بڑے پیمانے پر سیاسی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، کئی مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں اور انتخابات کے نتائج میں غیرمعمولی تاخیر بھی نوٹ کی گئی جس کے بعد انتخابات میں دھاندلی کے دعویٰ سامنے آنے لگے۔

انتخابات میں دھاندلی کا معاملہ پی ٹی آئی بانی عمران خان کی جانب سے زور و شور سے اٹھایا گیا، پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے انتخابی نشان ’بلے‘ سے محروم ہونے کے بعد آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا۔

عام انتخابات کے دوران پی ٹی آئی کے بانی عمران خان، پارٹی کی مرکزی قیادت سمیت دیگر پارٹی کارکنان جیل میں تھی اور ان کے خلاف متعدد مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت تھے۔ مختلف پابندیوں کے باوجود عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار کو بڑی انتخابی کامیابی ملی تھی۔

پاکستان

America

US House Resolution 901

US Congress Pakistan Election