اسلام آباد ہائیکورٹ کا زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا جبکہ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ ابھی نام نکال رہے ہیں، آئندہ ان کو بھی بلائیں گے جو ای سی ایل میں نام ڈالنے کی منظوری دیتے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اور رکن قومی اسمبلی زرتاج گل اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئیں۔
عدالت میں ایف آئی آر کا ریکارڈ پیش کیا گیا جس کے مطابق 2 ایف آئی آر میں زرتاج گل کا نام ہے ۔
زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر ریکارڈ طلب
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ دہشت گردوں کا نام تو آپ ڈالتے نہیں ارکان اسمبلی آرہے ہیں عدالت میں، آئی جی کو بلاؤں گا اور پوچھوں گا، ایک سیاسی رہنما ریلی نکالتا ہے تو آپ نام ای سی ایل میں ڈال دیتے ہیں، میرے پاس تو کسی گینگ یا دہشت گردوں کا کیس نہیں آیا، ایک بندہ رکن قومی اسمبلی ہے اور نام ای سی ایل میں ڈال دیتے ہیں، کوئی ہے پوچھنے والا جو نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کرتے ہیں وہ بھی ڈرتے ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ان پر کون کون سے کیسز میں ہیں؟ وکیل اسامہ طارق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ مقدمہ نمبر 567 اور 340 میں جواب جمع کرا دیے، آج ارجنٹ میں متفرق درخواست لگی۔ عدالت نے پوچھا کہ دو ہی مقدمات ہیں کیا، دونوں میں ضمانت پر ہیں؟ وکیل نے بتایا کہ جی دونوں مقدمات میں ضمانت پر ہیں۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ کسی اغواء برائے تاوان، گینگ ریپ والوں کا کیس نہیں آیا، سب ممبران اسمبلی آرہے ہیں، چھوٹے الزامات ہیں، تمام قابل ضمانت ہیں اور نام ای سی ایل میں ڈال دیتے ہیں، ابھی نام نکال رہے ہیں لیکن آئندہ ان کو بھی بلائیں گے جو منظوری دیتے ہیں۔
سابق وزیر مملکت زرتاج گل کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل
عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو ایک ہفتے میں نام ای سی ایل سے نکال کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
زرتاج گل کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کاتحریری فیصلہ جاری
پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کاتحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 5 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ۔
تحریری فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے رپورٹ جمع کرائی، رپورٹ کے مطابق پٹیشنر کا نام محکمہ داخلہ پنجاب کے 16 مئی کے لیٹر پر پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا، 9 مئی اور 12 مئی کو ڈی جی خان میں درج مقدمات میں نامزد ہونے پر نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا، پٹیشنرکے وکیل کی جانب سے ریکارڈ پیش کیا گیا جس کے مطابق دونوں مقدمات میں زرتاج گل کی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔
فیصلہ میں بتایا گیا ہے کہ پٹیشنر کسی بھی مقدمہ میں مفرور یا اشتہاری نہیں بلکہ مقدمات کا سامنا کر رہی ہے، ایسی کوئی وجہ یا جواز نہیں کہ پٹیشنر کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے۔
سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں شیخ رشید، زرتاج گل سمیت دیگر کی حاضری لگوائی گئی
دوسری جانب سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں شیخ رشید، زرتاج گل سمیت عدالت پیش ہونے والے ملزموں کی حاضری لگوائی گئی جبکہ آئندہ سماعت 15 جولائی کو ہوگی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ، سنی اتحاد کی رکن قومی اسمبلی زرتاج گل ، راشد حفیظ ، شیخ راشد شفیق پی ٹی آئی کی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
اڈیالہ جیل آنے والے ملزمان کی حاضری لگائی گئی، جس کے بعد عدالت نے 9 مئی کے مقدمات کی سماعت 15 جولائی تک بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی۔
آج بانیٔ پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جانی تھی جو ہو نہ سکی۔
مقدمات میں نامزد خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں، کارکنوں کو بھی آج اڈیالہ جیل طلب کیا گیا تھا۔
اس موقع پر اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی سخت اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے قریب ناکے لگا کر چیکنگ بھی کی گئی۔
Comments are closed on this story.