Aaj News

بدھ, جولائ 03, 2024  
27 Dhul-Hijjah 1445  

ٹی 20 ورلڈ کپ : انگلینڈ کی ٹیم امریکا کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی

امریکا کی بیٹنگ لائن تباہ کرنے میں کرس جارڈن نے اہم کردار ادا کیا انھوں نے ہیٹ ٹرک بنانے کے ساتھ 4 وکٹیں حاصل کیں
شائع 23 جون 2024 11:05pm
فوٹو۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔ اے ایف پی

انگلینڈ کی ٹیم امریکا کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ برج ٹاؤن میں کھیلا گیا۔ جس میں انگلینڈ نے امریکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

انگلش بولرز کے سامنے امریکی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 19 اوور میں 115 رنز پر پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی۔

امریکا کی بیٹنگ لائن تباہ کرنے میں کرس جارڈن نے اہم کردار ادا کیا انھوں نے ہیٹ ٹرک بنانے کے ساتھ 4 وکٹیں حاصل کیں۔

کرس جارڈن نے کورے اینڈرسن ، علی خان ، نوستوش اور سرابھ کی وکٹیں لے کر ایک اوور میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ کرس جارڈن کی ہیٹ ٹرک رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیسری ہیٹ ٹرک تھی۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے دو میچز میں مسلسل دو ہیٹرک بنائی ہیں۔

جواب میں انگلینڈ نے 116 رنز کا ہدف 9.4 اوورز میں باآسانی پورا کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

انگلش اوپنر جوز بٹلر نے 38 گیندوں پر 83 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ جب کہ دوسرے اوپنر فل سالٹ نے بھی ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 21 گیندوں پر 25 رنز بنا کر جوز بٹلر کا بھرپور ساتھ دیا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم گروپ 2 سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم ہے، جبکہ میگا ایونٹ کی دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ پیر کو ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے شیڈول میچ سے ہوگا۔

England

USA

icc mens t20 world cup