کراچی: ہاکس بے ساحل پر 4 افراد ڈوب گئے، دیگر شہروں کی نہروں میں نہاتے ہوئے 7 افراد جاں بحق
کراچی میں ہاکس بے کے ساحل پر نہاتے ہوئے خاتون سمیت 4 افراد ڈوب گئے، جن میں سے تین کو بچالیا گیا جبکہ ایک شخص کی لاش نکال لی گئی۔ دیگر شہروں میں عید کی تعطیلات کے دوران نہروں میں نہاتے ہوئے 3 بچوں سمیت 7 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
عید کے تیسرے روز ہاکس بے ساحلی پٹی پر پکنک منانے کے لیے آنے والے ایک خاندان کے 4 افراد سمندر میں ڈوب گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق صبح کے وقت سمندر میں ڈوبنے والے 4 افراد میں سے ایک خاتون سمیت 3 افراد کو بچا لیا گیا، جب کہ شام کے وقت ہاکس بے ہٹ نمبر 94 کے قریب سے چوتھے شخص کی لاش نکال لی گی۔
ایدھی ذرائع کے مطابق ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے ھدیٰ، شہروز اور حمیر کو ڈوبنے سے بچایا، جبکہ جس شخص کی لاش نکالی گئی اس کی شناخت شہریار کے نام سے ہوئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق چاروں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور کراچی کے فیڈرل بی ایریا کے رہائشی ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے ساحلی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران سمندر میں تیرنے پر پابندی عائد ہے، تاہم اس کے باوجود چار افراد سمندر میں ڈوب گئے۔
مختلف شہروں میں نہروں میں نہاتے ہوئے 3 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق
کوہاٹ میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود دو مختلف واقعات میں تین بچے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ پہلا واقعہ کوہاٹ تاندہ جھیل میں پیش آیا جس میں نہاتے ہوئے دو بچے گہرے پانی میں ڈوب گئے جن کی لاشیں علاقے کے عوام اور ریسیکو 1122 کے غوطہ خوروں نے پانی سے نکالیں۔
کوہاٹ میں دوسرا واقعہ بادو زیارت کے دریا میں پیش آیا جہاں نہاتے ہوئے ایک بچہ زندگی کی بازی ہار گیا ۔ دونوں واقعات میں ڈوبنے والے تینوں بچوں کی لاشوں کو کوہاٹ ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔
شجاع آباد کا رہائشی پندرہ سالہ محمد فاروق دوستوں کے ساتھ راجہ رام ٹیوب ویل میں نہانے کے لیے گیا اور ڈوب گیا۔ اسے تشویش ناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
سیالکوٹ میں موترہ کے مقام پر ایم آر نہر میں نہاتے ہوئے 30 سالہ ظفر گہرے حصے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ ظفر کا تعلق ظفر وال سے تھا۔
رائے ونڈ میں لکی مروت کا رہائشی 18 سالہ عثمان نہر میں ڈوب گیا۔ عثمان کل راجہ جنگ نہر پر نہانے آیا تھا۔ چوبیس گزر جانے کے باوجود لاش نہیں مل سکی۔ ریسکیو ٹیمیں لاش تلاش کر رہی ہیں۔
دیپال پور میں پھلروان وزیر کے نزدیک نہر میں نہاتے ہوئے 17 سالہ حسیب اللہ ولد اللہ دتہ ڈوب گیا۔ ریسکیو ٹیم نے نکال کر اسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ حسیب اللہ پھلروان وزیر کا رہائشی تھا۔
Comments are closed on this story.