Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

علی امین گنڈا پور پہلے اپنے صوبے کا کوڑا تو اٹھالیں، دھمکی کسی اور کو دیں، عظمیٰ بخاری

پنجاب آئیں آپ کو بتاتے ہیں صفائی اور سیکیورٹی کا نظام کیسے چلاتے ہیں؟ صوبائی وزیر اطلاعات
شائع 19 جون 2024 01:45pm

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور پہلے اپنے صوبے کا کوڑا تو اٹھالیں، دھمکی کسی اور کو دیں، آپ پنجاب آئیں آپ کو بتاتے ہیں صفائی اور سیکیورٹی کا نظام کیسے چلاتے ہیں؟ وفاق سے واجبات مانگنے والے یہ بھی بتائیں کہ آپ کو کتنے واجبات دینے ہیں، یہ لوگ عید پر بھی نفرت پھیلانے سے باز نہیں آتے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ٹریفک حادثات کے افسوسناک واقعات ہوئے ہیں، فیصل آباد جھلسنے کے واقعات میں لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عید کے روز بھی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کام کررہی ہے، شہبازشریف کے دور میں پنجاب کی جیسے صفائی تھی ویسے ہی کررہے ہیں، پنجاب بھر میں آلائشیں اٹھانے کا کام جاری ہے۔

علی امین گنڈا پور گرڈ اسٹیشن پہنچ گئے، خیبرپختونخوا سے بجلی فراہمی بند کرنے کی واضح دھمکی

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ 32 لاکھ ماحول دوست بیگز گھروں میں پہنچائے گئے، پنجاب اور لاہور کی سڑکیں فینائل اورعرق گلاب سے دھوئی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب چھٹی والے دن بھی چھٹی نہیں کرتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1139 ہیلپ لائن سے تمام چیزوں کو مانیٹر کیا گیا، سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے پہلی دفعہ صفائی کی منایٹرنگ ہوئی، ویسٹ منیجمنٹ عملے کو عید کے دن کھانا اور عیدی بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پر تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وفاق سے واجبات مانگنے والے پہلے اپنی طرف دیکھیں، یہ لوگ گرڈ اسٹیشن پر قبضہ کرتے ہیں، ان لوگوں کی قبضہ کرنے کی عادت نہیں جاتی۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھاکہ یہ لوگ عید پر بھی نفرت پھیلانے سے باز نہیں آتے، عید والے دن بھی یہ لوگ انتشار پھیلاتے ہیں، علی امین گنڈا پور پہلے کوڑا تو اٹھالیں، دھمکی کسی اور کو دیں، یہ لاہور آجائیں ہم بتائیں گے کہ کوڑا کیسے اٹھاتے ہیں۔

lahore

uzma bukhari

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur

information minister punjab

Azma Zahid Bukhari

gird station