نیوزی لینڈ کے کپتان کا سینٹرل کنٹریکٹ لینے سے انکار، کپتانی سے بھی محروم
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے نیوزی لینڈ کرکٹ کا سینٹرل کنٹریکٹ لینے سے انکار کرتے ہوئے وائٹ بال ٹیموں کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی کے باعث کیوی کپتان کین ولیمسن نے نیوزی لینڈ کرکٹ کا سینٹرل کنٹریکٹ لینے سے انکار کر دیا۔
کین ولیمسن نیوزی لینڈ کی وائٹ بال ٹیم کی قیادت سے بھی دستبردار ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ لینے سے انکار کے بعد ولیمسن مکمل سیزن کے لیے دستیابی سے آزاد ہو گئے تاہم سینٹرل کنٹریکٹ نہ لینے کے باوجود ولیمسن نے نیوزی لینڈ کرکٹ کے لیے اپنی دستیابی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ویسٹ انڈیز سے شکست کے بعد نیوزی لینڈ ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے قریب
کین ولیمسن جنوری میں نیوزی لینڈ کو سمر سیزن کے دوران دستیاب نہیں ہوں گے تاہم ولیمسن ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 8 میچز اور پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے کیوی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے سے باہر ہو چکی ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں نیوزی لینڈ گروپ مرحلے میں پاپوا نیوگنی اور یوگینڈا کو شکست دینے میں کامیاب رہی تھی لیکن ابتدائی 2 میچوں میں ویسٹ انڈیز اور افغانستان سے شکست کے باعث وہ ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔
ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 136 رنز بناسکی تھی۔
جبکہ 8 جون کو افغانستان نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں نیوزی لینڈ کو 84 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی تھی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا دوسرا بڑا اپ سیٹ، افغانستان کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو شکست
افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 15.2 اوورز میں 75 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
Comments are closed on this story.