پاکستان کرکٹ ٹیم نے فلوریڈا کے ہوٹل میں نماز عید ادا کی، امامت کس نے کرائی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈر ہل میں عید منائی، ٹی 20 ورلڈ کپ میں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم ٹولیوں میں وطن واپس پہنچے گی، کپتان بابراعظم امریکا میں رکیں گے جبکہ 3 کھلاڑی انگلینڈ میں قیام کریں گے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا آخری گروپ میچ آئرلینڈ کے خلاف کھیلنے کے بعد قومی اسکواڈ نے فلوریڈا کے ہوٹل عید کی نماز ادا کی اور امامت کرکٹر محمد رضوان نے کرائی، نماز عید کے بعد کھلاڑیوں نے آپس میں مصافحہ کیا اور ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد دی۔
دوسری جانب شکستوں کے بعد پاکستان ٹیم کے کھلاڑی ٹولیوں میں پیر کے روزپاکستان روانہ ہوگی، کپتان بابراعظم ، حارث روف اور اعظم خان چند دن امریکا میں ہی رکیں گے۔
محمد عامر، شاداب خان، عماد وسیم اور معاون کوچ اظہر محمود انگلینڈ میں قیام کریں گے۔
ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اوردیگر کوچز اپنے اپنے ممالک چلے جائیں گے جبکہ دیگر کھلاڑی اورسپورٹ اسٹاف براستہ دوبئی 19جون کو پاکستان میں اپنے اپنے شہروں میں پہنچیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ناقص کارکردگی کے باعث ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہوچکی ہے اور پاکستان کے گروپ سے بھارت اور امریکا نے سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔
Comments are closed on this story.