Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’آپس میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں‘، صدر، وزیراعظم اور پاک فوج کی جانب سے قوم کو عید کی مبارکباد اور پیغام

'اس مبارک دن پر ہم وطن کی آزادی اور امن کے لیے اپنے شہداء اور غازیوں کے مقروض ہیں جن کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں'
اپ ڈیٹ 17 جون 2024 09:23am

عید قرباں کے اس پُرمسرت موقع پر صدرمملکت، وزیراعظم اور افواج پاکستان کی جانب سے قوم کو مبارکباد بھی دی گئی ہے۔

صدر پاکستان آصف علی زرداری نواب شاہ میں عید منا رہے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پر نماز عید ادا کی۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز عید جاتی امرا رائیونڈ میں منائیں گے۔

صدر مملکت کا قوم کے نام پیغام

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے مبارک اور پُرسعید موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد دلاتی ہے، اللہ تعالیٰ نے قربانی کے عمل کو امتِ محمدیہ ﷺ پر لازم قرار دیا ہے اور نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے عظیم دن قربانی کا ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا چاہیے، اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور فرمانبرداری ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اخوت، ایثار، محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر ضرورت مندوں کی مدد کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ قربانی کی اصل روح کو سمجھ کر عملی زندگی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ قربانی کی استطاعت نہ رکھنے والے لوگوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں، دعا گو ہوں کہ یہ بابرکت موقع عالم اسلام اور پاکستان کیلیے رحمتیں اور خوشیاں لائے۔

وزیراعظم کی قوم کو عید کی مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپس میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں عید کے پرمسرت موقع پر ہم وطنوں اور تمام مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے ہم وطنوں سے کہا کہ آئیں اس مبارک دن کے حقیقی معنوں کو سمجھتے ہوئے آپس میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں۔

پاک فوج کی جانب سے قوم کو مبارکباد

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ یہ مقدس واقعہ عظیم تر بھلائی کے لیے قربانی کے جذبے کو ابھارتا ہے، اس مبارک دن پر ہم وطن کی آزادی اور امن کے لیے اپنے شہداء اور غازیوں کے مقروض ہیں جن کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے اور اسے دشمنوں کے مذموم عزائم سے محفوظ رکھے، آمین۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا پیغام

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دعا ہے اللّٰہ تعالیٰ کروڑوں قربانیوں کے صدقے امتِ مسلمہ کی ہر مشکل ٹال دے۔

عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ اہلِ وطن کو عیدِ قرباں کی ڈھیروں مبارک باد، اللّٰہ تعالیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر کی گئی قربانیاں قبول فرمائے۔

مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یادگار ہے، قربانی کا مقصد مسلمانوں میں ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ اللّٰہ کریم غزہ کے ہر فلسطینی کی حفاظت اور فلسطین کو پائیدار امن عطا فرمائے، دعا ہے اللّٰہ تعالیٰ کشمیر سمیت دنیا کے ہر مظلوم کی مدد اور حفاظت فرمائے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ دعا ہے ارضِ پاک کے ہر فرد کو سکھ، سکون، عافیت اور صحت عطا ہو۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پیغام

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ ہمیں ایثار، قربانی، اتفاق اور ایک دوسرے کے لیے جینے کا احساس دلاتی ہے۔

عید الاضحیٰ پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عید الاضحیٰ عالم اسلام کے لیے خوشی کا سب سے بڑا تہوار ہے، پوری قوم خصوصاً خیبرپختونخوا کے عوام کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی ہمیں اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتی ہے، صاحب ثروت لوگ عید کے موقع پر نادار اور مستحق لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیوٹی پر مامور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں، پولیس، طبی عملے اور ریسکیو اہلکاروں کو عید کی مبارک باد دیتا ہوں۔

PM Shehbaz Sharif

President Asif Ali Zardari

Eid Ul Adha 2024