Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں آج عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے

مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں عید الضحیٰ کی نماز ادا کر دی گئی
شائع 16 جون 2024 09:03am
تصویر بذریعہ: ریڈیو پاکستان/ انٹرنیٹ
تصویر بذریعہ: ریڈیو پاکستان/ انٹرنیٹ

خلیجی ریاستوں سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے، مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے ہیں جبکہ حجاج کرام بڑے شیطان کی رمی میں مصروف ہیں۔

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے، مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں نمازعید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جس میں لاکھوں کی تعداد میں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔

سعودی عرب میں عید الضحیٰ کی نماز کے سب سے بڑے اجتماع کے موقع پر حرم شریف کے شیخ الحدیث عبدالرحمان السدیس نے عید کی نماز کا خطبہ دیا۔

عید کے خطبے میں قربانی کے فضائل پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو ایثار و قربانی کے ساتھ ساتھ دیگر احکام الہٰی پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی گئی۔

تاہم سعودی عرب کی 12 ہزار سے زائد چھوٹی بڑی مساجد میں بھی عید الاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات ہوئے جس میں سعودی شہریوں سمیت پاکستانی اور دیگر غیر ملکی شہری شریک ہوئے۔

عید کی نماز کے اجتماعات کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کے جانور قربان کیے جا رہے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں حجاج کرام آج قربانی کے بعد سر منڈوائیں گے اور احرام کھول دیں گے، سادہ کپڑوں میں طواف زیارت کے لیے مسجد الحرام جائیں گے اور سعی کریں گے۔

حجاج کرام نے مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے گزاری، مغرب اور عشا کی نمازوں کے بعد رمی جمرات کے لیے کنکریاں جمع کیں۔

اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات، عمان، قطر، بحرین میں بھی عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان میں بسنے والی بوہری برادری بھی آج عید الاضحیٰ اپنے روایتی جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے، نماز عید کی ادائیگی کے بعد بوہری برادری کی جانب سے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے حوالے سے قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔

یاد رہے کہ امریکا، برطانیہ، یورپ اور کینیڈا میں کچھ مقامات پر کل عید منائی جائے گی، پاکستان میں بھی کل بروز پیر عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔

Saudia Arabia

Makkah

Madinah

Eid Prayer

Eid Ul Adha 2024