Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کے پی حکومت کا منی بجٹ سمیت دیگر آپشنز پر غور

عید کے بعد کوئی لائحہ عمل طے کریں گے، صوبائی وزیر خزانہ آفتاب عالم
شائع 14 جون 2024 09:46pm
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

وفاق سے پہلے بجٹ پیش کرنا بظاہر خیبر پختونخوا حکومت کے گلے پڑ گیا، کیونکہ صوبائی حکومت نے منی بجٹ سمیت دیگر آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ آفتاب عالم کا کہنا ہے کہ عید کے بعد کوئی لائحہ عمل طے کریں گے۔

وفاقی بجٹ کے بعد خیبر پختونخوا حکومت شش وپنج میں پڑگئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے منی بجٹ لانے پر غور شروع کردیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاق نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کا اعلان کیا، جب کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 10 فیصد بڑھائیں جب کہ صوبائی حکومت نے تنخواہوں میں اضافہ وفاق کے برابر لانے کا وعدہ کیا تھا۔

اس ساری صورتحال میں تنخواہوں اور پنشن میں مزید اضافے سے اربوں روپے کا بوجھ برداشت کرنا ہوگا۔

اس کے علاوہ ضم اضلاع کے لئے صوبائی حکومت اور وفاق کے محصولات میں واضح فرق ہے۔ صوبے کو وفاق سے 259 ارب روپے ملنے کی توقع تھی جو خواب ہی رہ گئی۔

تمام عوامل کو دیکھتے ہوئے خیبرپختونخوا کی حکومت سوچ بچار کر رہی ہے کہ منی بجٹ لایا جائے یا کچھ اور اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت نے 18877 ارب روپے کا مالی سال 2024-25 کا بجٹ پیش کردیا

صوبائی وزیر خزانہ آفتاب عالم کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے مشاورت کی جائے گی، عید کے بعد کوئی لائحہ عمل طے کریں گے۔

خیبر پختونخوا

Ali Amin Gandapur

KPK Budget