لکی مروت بارودی سرنگ دھماکے کے شہداء مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
خیبرپختو نخوا کے ضلع لکی مروت میں بارودی سرنگ دھماکے کے شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہید صوبیدار میجر محمد نذیر کو اسکردو، لانس نائیک محمد انورکو گانچھے، لانس نائیک حسین علی کو غذر، سپاہی اسد اللہ کو ملتان، سپاہی منظورحسین کو گلگت اور سپاہی راشد محمود کو راولپنڈی میں سپرد خاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی نماز جنازہ میں حاضر سروس افسران و جوان، شہداء کے عزیز و اقارب اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر شہداء کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
لکی مروت میں کیپٹن سمیت 7 جوانوں کی شہادت کے بعد جوابی کارروائی، آپریشن میں 11 دہشتگرد ہلاک
واضح رہے کہ 9 جون کو لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی دھماکے میں پاک فوج کے کیپٹن فراز الیاس سمیت 7 جوان شہید ہو گئے تھے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں بھی بارودی سرنگ دھماکے میں شہید جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی تھی، جس کے بعد تمام شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کیے گئے تھے۔
لکی مروت میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد فراز الیاس کی نمازِ جنازہ و تدفین چونیاں میں کی گئی تھی۔
شہید کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ و تدفین میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، عسکری حکام، اہلِ خانہ، وفاقی وزراء و دیگر افراد نے شرکت کی تھی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شہید کے جنازے کو کاندھا بھی دیا تھا۔
Comments are closed on this story.