Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

پاک بھارت میچ شروع ہونے سے پہلے ہی ایک اور بُری خبر

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ متاثر ہونے کا خدشہ
شائع 09 جون 2024 01:28pm

ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں آج پاکستان اور بھارت کے مقابلے کے دوران نیویارک میں بارش کی پیش گوئی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے میچ میں کچھ دیر کی تاخیر ہوسکتی ہے تاہم میچ زیادہ متاثر ہونے کے زیادہ امکانات نہیں ہیں اور شائقین کو پورے 20 اوورز کا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم میزبان امریکا کے ہاتھوں پہلا میچ ہارنے کے بعد مشکلات کا شکار ہے اور اپنے دوسرے میچ میں ہی کرو یا مرو کی پوزیشن میں آچکی ہے، ایسے میں پاکستان کے پاس اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھارت کے خلاف نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے مقابلے میں کم بیک کے لیے پرامید ہیں۔

ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف میچ سے قبل بُری خبر آگئی

تاہم بارش قومی ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر سکتی ہے، اگر بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہوا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل جائے گا، جو شاہینوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے کسی بھی ٹیم کے لیے میچ کا اضافی دن نہیں رکھا گیا ہے، لہذا بارش یا کسی بھی وجہ سے میچ متاثر ہونے کی صورت دوبارہ مقابلہ نہیں ہوگا بلکہ دونوں ٹیموں کو برابر پوائنٹس مل جائیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران نیویارک میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، رپورٹس میں بتایا گیا کہ بارش کے باعث ٹاس میں کچھ دیر کی تاخیر ہوسکتی ہے، البتہ دونوں ٹیموں کو اضافی وقت مل سکتا ہے جس کے باعث میچ متاثر ہونے کے زیادہ امکانات نہیں ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ نیویارک میں صبح کے وقت 9 فیصد بارش کے امکانات ہیں اور مقامی وقت کے مطابق دن 11 سے 12 بجے کے وقت بارش کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

امریکا کیخلاف صفر پر آؤٹ ہونے والا پاکستانی بلے باز بھارت کیخلاف میچ سے آؤٹ

اگر بارش سے میچ متاثر ہوا تو کیا ہوگا؟

پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران بارش کی وجہ سے میچ نہیں ہوسکا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا، جس سے قومی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہوجائے گا کیوں کہ پاکستان کے لیے یہ میچ جیتنا انتہائی اہم ہے۔

ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ اے میں امریکا پہلے ہی 2 میچز جیت چکا ہے اور بھارت بھی ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس حاصل کرچکا ہے، ایسے میں بھارت کے خلاف صرف ایک پوائنٹ قومی ٹیم کی سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کے درمیان رکاؤٹ بن سکتا ہے۔

india

پاکستان

New York

Rain

T20 World Cup

India vs Pakistan

ICC T20 World Cup

Pakistan vs India

t20 world cup 2024

icc mens t20 world cup