Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹی 20 ورلڈ کپ : بولرز کی محنت پر بلے بازوں نے پانی پھیر دیا، پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 6 رنز سے شکست

نسیم شاہ اور حارث رؤف نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں
اپ ڈیٹ 10 جون 2024 12:53am
فوٹو۔۔۔پی سی بی / فیس بک
فوٹو۔۔۔پی سی بی / فیس بک

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے بولرز کی محنت پر بلے بازوں نے پانی پھیر دیا، بولرز نے بھارتی ٹیم کو 19اووز میں 119 پر آؤٹ کیا، جواب میں پاکستانی بیٹسمین مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بناسکے اور اس طرح بھارت 6 رنز سے جیت گیا۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

میچ شروع ہونے کے بعد بھارت نے پہلے اوور میں بغیر کسی نقصان کے 8 رنز بنائے تو بارش شروع ہوگئی، جس کے باعث پاک بھارت ٹاکرا روکا گیا، تاہم کچھ دیر بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو پاکستانی بولرز نے عمدہ اسپیل کرائے۔

نسیم شاہ اور حارث رؤف سمیت قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کے سامنے کوئی بھی بھارتی کھلاڑی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا، بھارت کی پوری ٹیم 19 اوور میں 119 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں پاکستانی بلے بازوں نے روایتی سست روی دکھاتے ہوئے تو چل میں آیا کی پالیسی اپنائی اور وکٹیں گنواتے رہے، قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بناسکے۔ محمد رضوان نے 44 گیندوں پر 31 رنز جب کہ عماد وسیم نے 23 گیندوں پر 15 رنز اسکور کیے۔

بھارت کی بیٹنگ

پاکستانی فاسٹ بولرز نے شروع سے ہی بھارتی سورماؤں کو دباؤ میں رکھا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، سب سے پہلے نسیم شاہ نے ویرات کوہلی کو 4 رنز پر آوٹ کیا۔

اس کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے بھارتی کپتان رویت شرما کو بھی چلتا کردیا۔ روہت شرما جب آوٹ ہوئے تو بھارت کا اسکور 19 رنز تھا، انھوں نے 13 رنز بنائے۔

بھارت کی تیسری وکٹ 58 رنز پر اس وقت گری جب نسیم شاہ نے اکشر پٹیل کو 20 رنز پر کلین بولڈ کیا، جبکہ چوتھی وکٹ 89 رنز پر اس وقت گری جب سوریا کمار یادو 7 رنز بنا کرحارث رؤف کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔

ٹیم انڈیا کا پانچواں کھلاڑی 95 رنز پر آؤٹ ہوا، شیوم دوبے 3 رنز بنا کرنسیم شاہ کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ جب کہ 96 کے مجموعے پر ریشبھ پنت 46 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، یہ بھارت کی چھٹی وکٹ تھی۔ اس کی اگلی ہی گیند پر محمد عامر نے رویندر جاڈیجا کو صفر پر آؤٹ کیا، اسطرح عامر نے دو گیندوں پر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم وہ ہیٹرک نہ کرسکے۔

بھارت کی آٹھویں وکٹ 112 رنز پر اس وقت گری جب ہارڈک پانڈیا محض 7 رنز بناکر آوٹ ہوئے، انھیں حارث رؤف نے پویلین کی راہ دکھائی۔ 112 رنز پر ہی انڈیا کا نواں کھلاڑی آوٹ ہوا، جسپرٹ بمراہ بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے ان کا شکار بھی حارث رؤف نے کیا، جب کہ بھارتی بلے باز ارشدیپ سنگھ، بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کے گٹھ جوڑ سے رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے نسیم شاہ اور حارث رؤف نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر نے 2 اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک کھلاڑی کا شکار کیا، جب کہ ایک کھلاڑی رن آوٹ ہوا۔ ٹیم میں اعظم خان کی جگہ آل راؤنڈر عماد وسیم کو شامل کیا گیا۔

بھارت کی جانب سے ریشبھ پنت 46 رنز اور اکشر پٹیل 20 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی بیٹنگ

بھارت کے 120 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے اننگ کا آغاز کیا، دونوں اوپنر بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 26 رنز پر اس وقت گرئی جب کپتان بابراعظم 13رنز بنا کر جسپریت بمراہ کی گیند پرکیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلنے کے لئے آنے والے نوجوان بلے باز عثمان خان 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انھیں بھارتی بولر اکشر پٹیل نے آوٹ کیا۔

قومی ٹیم کی تیسری وکٹ 73رنز کے مجموعے پر گری، فخر زمان 13رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے، ان کی وکٹ ہارڈک پانڈیا نے لی۔

پاکستان کو 80 رنز کے مجموعے پر اس وقت بڑا جھٹکا لگا، جب محمد رضوان 31 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، یہ قومی ٹیم کے آوٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے۔

بھارت کےخلاف پاکستان کی پانچوی وکٹ88 رنز پر اس وقت گری، جب شاداب خان 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جب کہ چھٹی وکٹ 102 رنز پر گری، افتخار احمد 5 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے۔ 102 رنز پر عماد وسیم بھی 15 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔

بھارت کی طرف سے جسپرت بمراہ نے 3، ہارڈک پانڈیا نے 2 جب کہ ارشدیپ سنگھ اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاک بھارت میچ سے قبل اور میچ شروع ہونے کے بعد کچھ وقت تک بارش کی آنکھ مچولی جاری رہی، مقامی وقت کے مطابق میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہونا تھا تاہم گیلے آوٹ فیلڈ کی وجہ سے میچ شروع ہونے میں آدھے گھنٹی کی تاخیر کی گئی، جب کہ پہلے اوور کے بعد بھی بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا تھا۔

بابر اعظم

ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں چار فاسٹ بولرز کو شامل کیا ہے، میچ میں بہترین پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ماضی ماضی ہے آج کے میچ پر فوکس کریں گے، بھارت کے خلاف میچ کیلئے بہت حوصلہ ملتا ہے۔

ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ اچھا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ بولرز دفاع کرسکیں، بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

اسکواڈ

قومی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عثمان خان، فخر زمان، حارث رؤف، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور محمد عامر شامل ہیں۔

بھارتی ٹیم میں روہت شرما (کپتان)، ویرات کوہلی، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، سوریہ کمار یادو، شیوم دوبے، اکسر پٹیل، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ اور محمد سراج شامل ہیں۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کا ورلڈکپ میں آغاز اچھا نہ ہوا اور اسے امریکا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن شائقین کرکٹ قومی ٹیم کے لیے دعاگو ہیں اور اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ ٹیم روایتی حریف کو شکست دے کر ایونٹ میں شاندار کم بیک کرے گی۔

نیویارک میں کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ کی جم کر مشقیں کیں جبکہ بھارتی ٹیم کے صرف دو کھلاڑیوں نے آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔

پاک بھارت ٹاکرا: میچ سے قبل ایک اور پاکستانی کھلاڑی اَن فٹ

ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کا پلڑا پاکستان کے خلاف بھاری ہے، 7 میچز میں سے 6 بھارت نے جیتے جبکہ ایک پاکستان کے نام رہا۔

اس کے علاوہ مختصر فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں 12 مرتبہ مدمقابل آئی ہیں، 8 میچ بھارت کے نام رہے جبکہ 3 میں پاکستان نے فتح حاصل کی اور ایک میچ ٹائی رہا۔

اعظم خان بھارت کیخلاف میچ سے آؤٹ، پلیئنگ 11 فائنل

ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف میچ میں قومی اسکواڈ میں 3 تبدیلیاں متوقع ہیں، امریکا کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی بیٹر اعظم خان بھارت کے خلاف میچ سے آؤٹ ہوگئے۔

عماد وسیم کو اعظم خان کی جگہ قومی اسکواڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ صائم ایوب کو بھی موقع ملنے کا امکان ہے۔

ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتریں گے، صرف اور صرف بھارت کے خلاف جیت ہدف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عماد وسیم بھارت کے خلاف میچ کے لیے دستیاب ہوں گے، امریکا سے ناکامی بھول چکے، آج نیا میچ ہے، بھارت کے خلاف بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی، نیویارک کی وکٹ پر بیٹرز کو بہادری دکھانا ہوگی۔

پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف 4 فاسٹ بولرز اور 2 آل راؤنڈرز اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گی جبکہ شائقین کرکٹ پاکستان کی فتح کے لیے پُرامید ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف پاکستان کی اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کے 11 کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم ،محمد رضوان ، عثمان خان، فخر زمان ، افتخار احمد ، شاداب خان ، عماد وسیم ، شاہین آفریدی ،حارث رؤف ، محمد عامر اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے پہلے میچ میں امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں اپ سیٹ شکست ہوئی تھی جبکہ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں آئر لینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

پاک بھارت میچ میں وکٹ کا برتاؤ کیسا ہوگا؟ ماہرین نے نظریں جمالیں

دوسری جانب آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ میں وکٹ کا برتاؤ کیسا ہوگا، ماہرین نے نظریں جمالیں۔

پاک بھارت میچ کے دوران نیویارک کا موسم کیسا رہے گا؟ اہم خبر آگئی

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت آج نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آرہے ہیں۔

نیویارک کے اسٹیڈيم میں اب تک ورلڈکپ کے ہوئے میچز میں وکٹ توقعات کے مطابق دکھائی نہيں دی ، آئی سی سی بھی وکٹ کے معیار پر مطمئن نہیں ، وکٹ کی درستی کے لیے کام شروع کردیا گیا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاک بھارت میچ کے ٹکٹ کی قیمت ایک کروڑ روپے سے زیادہ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہےکہ نساؤ اسٹیڈیم کی وکٹ میں وہ تسلسل نہیں دکھا جس کی سب کو توقع تھی، تاہم بقیہ میچوں کے لیے وکٹ کی کوالٹی بہتر کرنے کے لیے بہترین ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

معروف شخصیات کا پاک بھارت ٹاکرے پر اظہار خیال

پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والے ٹاکرے پر اب معروف شخصیات بھی تبصرے کرتے دکھائی دے رہی ہیں اور اپنے جذبات کا اظہار کر رہی ہیں۔ حال ہی میں گورنرسندھ کا آج گورنر ہاؤس میں پاکستان کی جیت پرجشن منانےکااعلان کیا ہے۔

گورنر سندھ کی جانب سے کہنا تھا کہ گورنرہاؤس میں آئی ٹی طلبا کیلئے بڑی اسکرین لگائی جارہی ہے، میں خود بھی آئی ٹی طلبا کے ساتھ پاک بھارت میچ دیکھوں گا۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ طلبا آج رات ساڑھے7 بجے سے پہلےپہنچیں، آج ہم سب کوپاکستان کی جیت کیلئےدعائیں کرنی چاہئے۔

گورنرہاؤس میں بڑی اسکرین پر پاک بھارت میچ دکھانے کا انتظام کیا گیا ہے جہاں 20 ہزار شائقین بڑی اسکرین پر میچ دیکھ سکیں گے۔

گورنر سندھ کا اس موقع پر مزید کہنا ہے کہ گورنرہاؤس آئیں، پاک بھارت میچ دیکھیں، شہریوں کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام ہے، گورنرہاؤس میں 3 بڑی اسکرینیں نصب،5 ہزار پرچم تیار کیے گئے ہیں۔ بھارت کے خلاف کرکٹ میچ کا بے صبری سے انتظار ہے۔

دوسری جانب معروف گلوکار علی ظفر کی جانب سے روایتی حریف پاک بھارت ٹاکرے پر دلچسپ ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ علی ظفر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی ٹیم سے پیار ہے، شکست کواب سائیڈ پر رکھ دیں، ٹیم کو اس وقت خود پراعتماد اوریقین کی ضرورت ہے۔

جبکہ بابر اعظم کا مخاطب کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ کپتان بابراعظم خوداعتمادی کےساتھ بھارت کیخلاف میدان میں اتریں، ہار چیت تو رہتی ہے،سامنے آکرمقابلہ کریں،ڈٹ کرکھلیں۔

india

پاکستان

T20 World Cup

India vs Pakistan

ICC T20 World Cup

Pakistan vs India

t20 world cup 2024

icc mens t20 world cup