Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

محسن نقوی کا 42 پاکستانی قیدیوں کی حوالگی کا مطالبہ

وزیرداخلہ کی اطالوی ہم منصب سے ملاقات، انسانی سمگلنگ کے خلاف مربوط لائحہ عمل بنانے پر اتفاق
شائع 05 جون 2024 12:37pm

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی، اطالوی ہم منصب سے ملاقات میں غیر قانونی تارکین وطن اور انسانی سمگلنگ کے خلاف مربوط لائحہ عمل بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیزپاکستانیز چوہدری سالک حسین اٹلی کی وزارت داخلہ پہنچے جہاں اطالوی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام نے وفاقی وزراء کا پرتپاک خیر مقدم کیا ۔

وفاقی وزراء محسن نقوی اور چوہدری سالک حسین نے اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی، جس میں غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ، انسداد منشیات اور بارڈر سیکیورٹی کے حوالے سے تعاون پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ انسداد منشیات، بارڈر سیکیورٹی اور انسانی سمگلنگ روکنے کے لیے تعاون کریں گے، انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے پاکستانی بارڈرز کو محفوظ بنانے کے لیے معاونت کی جائے گی اور اس حوالے سے اطالوی ماہرین کی ایک ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

محسن نقوی نے اٹلی میں قید 146 پاکستانیوں کے حوالے سے بات کی اور 42 پاکستانی قیدیوں کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر اٹلی جانے والے پاکستانیوں کا داخلہ روکنے اور انسداد منشیات کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے مطالبہ کیا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ ہنرمند افرادی قوت کے زیر التوا معاہدہ کو جلد حتمی شکل دے تاکہ غیر قانونی امیگرنٹس کی حوصلہ شکنی ہو۔

اطالوی وزیرداخلہ نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور انسداد منشیات کیلئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے اقدامات کو سراہا اور انسداد منشیات، بارڈر سکیورٹی اور انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

ملاقات میں اطالوی وزیر داخلہ اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید، اطالوی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Interior Minister

اسلام آباد

Italy

mohsin naqvi

pakistani presoner