Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی پی 32 گجرات: پرویزالہٰی کی دھاندلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

کیا آپ چاہتے ہیں الیکشن کالعدم قرار دے دیں؟ اس طرح کریں تو پورے ملک کا الیکشن فارغ ہوجائے گا، چیف الیکشن کمشنر
اپ ڈیٹ 04 جون 2024 12:42pm

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 32 گجرات میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کی دھاندلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

الیکشن کمیشن میں پی پی 32 گجرات کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

پرویز الہٰی کے وکیل عامر سعید الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ریٹرننگ افسر کی رپورٹ کی کاپی موصول ہوگئی ہے، ضمنی انتخابات میں پرویز الہٰی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا گیا، الیکشن کمیشن نے ایکشن لے کر پرویز الہٰی کے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کی ہدایات کیں۔

پرویز الہٰی کے وکیل نے بتایا کہ پی پی 32 ضمنی الیکشن میں پورے حلقے میں بدترین دھاندلی کی گئی، ضلعی انتظامیہ نے ووٹرز کو حراساں، ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا، الیکشن کے دن ہمارے 70 سے ذائد پولنگ ایجنٹس کو غائب کردیا گیا، پولیس نے ہمارے پولنگ ایجنٹس کو گرفتار کر کے غائب کیا۔

پی پی 32 گجرات پر مبینہ دھاندلی سے متعلق درخواست پر ریٹرننگ افسر سے رپورٹ طلب

ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ اتھارٹی لیٹر ہوگا تو آپ کے پولنگ ایجنٹس کو تسلیم کریں گے، ہوا میں باتیں مت کریں نہ تحریری شواہد پیش کریں۔

وکیل عامر سعید نے کہا کہ پولنگ ایجنٹس کو غائب کر کے جعلی ووٹ کاسٹ کیے گئے، 5 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹر ٹرن آؤٹ 91 فیصد سے زائد رہا، مرے ہوئے اور بیرون ملک مقیم ووٹرز کے بھی ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن عدالت نہیں کمیشن ہے۔

ممبر اکرام اللہ خان نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ دوسرے فریق کو دیے؟ جس پر پرویز الہٰی کے وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں، دوسرے فریق کو ریکارڈ دینے کا پابند نہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ اگر آپ دوسرے فریق کو ریکارڈ نہیں دے رہے تو ہم آپ کا ریکارڈ منظور ہی نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن آئین کے تحت قائم کیا گیا، اس کمیشن کے تمام اختیارات ہیں، پہلی مرتبہ کسی وکیل نے کہا کہ دستاویزات کی کاپی فراہم کرنے کا پابند نہیں۔

ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ شواہد پیش کریں کیسے مرے ہوئے لوگوں کے ووٹ ڈالے گئے، جس پر وکیل عامر سعید نے بتایا کہ تحقیقات کی جائیں کہ کیسے مرے ہوئے اور بیرون ملک مقیم لوگوں کے ووٹ کاسٹ ہوئے، ماسک پہنے لوگوں نے پولنگ اسٹیشنز پر قبضہ کر کے ٹھپے لگائے، کئی پولنگ سٹیشنز پر خواتین کے ووٹ ڈالنے کی شرح 10 فیصد سے کم ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں اس بنیاد پر الیکشن کالعدم قرار دے دیں؟ اس طرح کریں تو پورے ملک کا الیکشن فارغ ہوجائے گا، آپ تحقیقات چاہتے ہیں یا حلقے کا الیکشن کالعدم قرار دینا؟۔

پی پی 32 ضمنی انتخاب: پرویز الٰہی کی اہلیہ نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی

جس پر پرویز الہٰی کے وکیل نے کہا کہ تحقیقات میں میرے الزامات ثابت ہوں تو الیکشن کمیشن پورے حلقے کا نتیجہ کالعدم قرار دے۔

وکیل موسی الہٰی کے وکیل نے کہا کہ پرویز الہٰی کے پولنگ ایجنٹس دوسرے شہروں سے بلائے گئے، صرف الزامات لگائے گئے کہ مرے ہوئے اور بیرون ملک مقیم لوگوں نے ووٹ ڈالے، جن حلقوں میں مرے لوگوں کے ووٹ ڈالنے کا الزام ہے وہاں پرویز الٰہی جیتے ہیں، الزامات کی تحقیقات کے لیے الیکشن کمیشن معاملہ ٹریبونل کو بھجوا دے۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے پی پی 32 گجرات میں پرویز الہٰی کی دھاندلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

واضح رہے کہ 21 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ق) کے موسی الہیٰ نے 71 ہزار 357 ووٹ حاصل کر کے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری کو شکست دی تھی، جنہوں نے 37 ہزار 106 ووٹ حاصل کیے تھے۔

ECP

اسلام آباد

Sikandar Sultan Raja

Chaudhry Pervaiz Elahi

Pervaiz Elahi

Election Commission of Pakistan (ECP)

Election 2024

pp 32 gujrat

CHAUDHARY PERVEZ ILAHI

PERVEZ ILAHI