Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

حیدرآباد: گیس سلنڈر کے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11 ہوگئی

اسپتال میں 13 زخمی زیرعلاج ہیں جن میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے، اسپتال ذرائع
اپ ڈیٹ 02 جون 2024 05:25pm

حیدرآباد میں سلنڈر پھٹنے کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی۔

چند روز قبل حیدر آباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکا ہوا، جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی، آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود کئی سلنڈر دھماکوں سے پھٹ گئے تھے۔

دھماکے اور آتشزدگی سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھا، آگ کے باعث جھلسنے والے زخمیوں کو علاج کیلئے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔

کراچی میں سول برنس وارڈ کے حکام کے مطابق مریض فیضان زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا جبکہ سول اسپتال برنس وارڈ کے باہر موجود زخمیوں کے اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں۔

حیدرآباد میں سلنڈر دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی، 52 زخمی

زخمیوں کےاہلخانہ کہتے ہیں کہ اسپتال میں بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،ہمارے لوگ بری طرح جھلس کرزخمی ہوئے ہیں۔

کراچی میں سول برنس وارڈ کے حکام کے مطابق 23 افراد کو زخمی حالت میں لایا گیا تھا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں 13 زخمی زیرعلاج ہیں جن میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ 30 مئی کو حیدر آباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ جھلسنے والے 21 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود کئی سلنڈر دھماکوں سے پھٹ گئے تھے، دھماکوں اور آتشزدگی سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ ریسکیو اور فائر فائٹرز کی ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے جائے وقوع پر پہنچی تھیں۔

چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدرشاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر حیدر آباد سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔

اسپتال ذرائع نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 100 فیصد جھلسنے والے 10 افراد کی حالت تشویشناک ہے، سول اسپتال حیدرآباد سے 19 زخمیوں کو کراچی کے اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔

sindh

Hyderabad

cylender blast

gas leakage blast

HYDERABAD CYLINDER BLAST