ٹانک اور خیبر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 13 دہشت گرد ہلاک، 5 اہلکار شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے ڈسٹرکٹ ٹانک اور ڈسٹرکٹ خیبر کے علاقے باغ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مجموعی طور پر 10 دہشت گرد ہلاک اور 5 اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی آیس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف 26 اور 27 مئی کے دوران تین مختلف آپریشن کیے جس میں مجموعی طورپر23 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
پشاور کے جنرل ایریا میں آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک، کیپٹن سمیت 2 فوجی شہید، نماز جنازہ ادا
خیال رہے کہ 26 مئی کو پشاورکےعلاقے حسن خیل میں آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک اور دہشت گردوں کی فائرنگ سے کیپٹن حسین جہانگیراورحوالدارشفیق اللہ شہید ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 27 تاریخ کو دوسرا بڑا آپریشن ڈسٹرکٹ ٹانک اور تیسرا ڈسٹرکٹ خیبر کے علاقے باغ میں کیا گیا اور اس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں نائک محمد اشفاق بٹ، لانس نائک دانش افکار، سپاہی تیمور، سپاہی نادر صغیراور سپاہی محمد یاسین شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈسٹرکٹ ٹانک میں 10 دہشت گرد اور ڈسٹرکٹ خیبر کے علاقے باغ میں 7 دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
شہید نائیک محمد اشفاق بٹ
نائیک محمد اشفاق بٹ شہید کی عمر 32سال جبکہ ان کا تعلق ضلع کہوٹہ سے ہے نائیک محمد اشفاق بٹ شہید نے 10سال تک پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں نائیک محمد اشفاق بٹ شہید نے سوگواران میں اہلیہ، 1 بیٹی اور 2 بیٹے چھوڑے
شہید لانس نائیک سید دانش
ضلع پونچھ کے رہائشی لانس نائیک سید دانش افکار شہید کی عمر30سال ہے لانس نائیک سید دانش افکار شہید نے6سال تک پاک فوج مادرِ وطن کے دفاع کے فرائض سر انجام دیے لانس نائیک سید دانش افکار شہیدنے سوگواران میں والدین، بہن، بھائی اور اہلیہ چھوڑے
شہید سپاہی تیمور ملک
32سالہ سپاہی تیمور ملک شہید کا تعلق ضلع لیہ سے ہے سپاہی تیمور ملک شہید نے 11سال تک دفاعِ وطن کے فرائض سر انجام دیے سپاہی تیمور ملک شہید نے سوگواران میں والدین، بہن، بھائی اور اہلیہ چھوڑے
شہید سپاہی نادر صغیر
شہدا میں سب سے کم عمر 22 سالہ سپاہی نادر صغیر شہید ہیں سپاہی نادر صغیر شہید ضلع باغ کے رہائشی ہیں سپاہی نادر صغیر شہید نے 2سال تک پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں سپاہی نادر صغیر شہیدنے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے
سپاہی محمد یاسین
سپاہی محمد یاسین شہید کی عمر23سال جبکہ اُن کا تعلق ضلع خوشاب سے ہے
سپاہی محمد یاسین شہید نے ڈیڑھ سال پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں
سپاہی محمد یاسین شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے
خیبر میں آپریشن کے دوران شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا
ضلع خیبر کے علاقے باغ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باغ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی۔
کہوٹہ کے 32 سالہ نائیک محمد اشفاق بٹ، ضلع پونچھ کے 30 سالہ لانس نائیک سید دانش افکار، لیہ کے 32 سالہ سپاہی تیمور ملک، باغ کے 22 سالہ سپاہی نادر صغیر اور خوشاب کے 23 سالی سپاہی محمد یاسین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، فوجی اور سول حکام کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
بعد ازاں جنرل سید عاصم منیر نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے فوجیوں کی خیریت دریافت کرنے کے لئے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے سپہ سالار نے زخمیوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور بھرپور قوت اور جذبے کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے قوم کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
قبل ازیں سی ایم ایچ پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کا دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر خراج تحسین
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ٹانک اور ضلع خیبر میں پاک فوج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیرِاعظم نے آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے 5 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دہشت گرد عناصرکی سرکوبی کے لیے کارروائی کی، اللہ رب العزت شہداء کے درجات بلند اور انکے اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم شہداء کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں نے ملکی سلامتی کو ہمیشہ اپنی جانوں پر فوقیت دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے ناسورکے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Comments are closed on this story.