Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

رہنما پی ٹی آئی کی مشکلات کم نہ ہوسکیں: شاہ محمود قریشی مزید 8 مقدمات میں گرفتار

عدالت نے سکیورٹی خدشات کی بناء پر وائس چئیرمین پی ٹی آئی کو لاہور منتقل کرنے سے منع کر دیا
اپ ڈیٹ 27 مئ 2024 08:58am

لاہور پولیس نے اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے مزید 8 مقدمات میں گرفتار کرلیا۔

لاہور پولیس نے اڈیالہ جیل میں قید شاہ محمود قریشی کی 9 مئی کے مزید 8 مقدمات میں گرفتاری ڈال دی، پولیس اڈیالہ جیل میں ہی تحریک انصاف کے رہنما سے تفتیش کرے گی۔

پولیس نے شاہ محمود قریشی سے جیل میں تفتیش کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس پر لاہور کی انسداد دہشت گردی کی نے پولیس کو 9 مئی کے مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنما سے تفتیش کی اجازت دے دی۔

پی ٹی آئی کا 9 مئی سے متعلق سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

لاہور پولیس کی خصوصی ٹیم شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے اڈیالہ جیل پہنچی اور تفتیشی ٹیم نے عدالت سے ملزم شاہ محمود قریشی کو لاہور منتقل کرنے کی اجازت مانگی لیکن عدالت نے سیکیورٹی خدشات کے باعث شاہ محمود کو لاہور منتقل کرنے سے منع کردیا۔

تفتیشی ٹیم کی استدعا پر معزز جج نے شاہ محمود قریشی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

بعد ازاں لاہورپولیس کی ٹیم نے ملزم شاہ محمود قریشی سےاڈیالہ جیل میں ہی بیان ریکارڈ کیا۔

شاہ محمود قریشی ویڈیو لنک کےذریعے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوں گے۔

پی ٹی آئی کا شاہ محمود قریشی کی گرفتاری پر رد عمل

دوسری جانب ناحق جیل میں قید سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جھوٹے، جعلی اور من گھڑت مقدمات میں گرفتاری کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئئی) کی جانب سے شدید ردِعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی کسی بھی مقدّمے میں گرفتاری کا کوئی جواز موجود نہیں، جن مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی گرفتاری ڈالی گئی ان تمام مقدمات میں عدالت نے انہیں ضمانت دے رکھی ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ سائفر مقدمے کا ردّی کی ٹوکری کی نذر ہونا یقینی ہے چنانچہ عدالتی فیصلے کو عملاً غیرمؤثر کرکے انہیں قید میں رکھنے کے لیے قانون کی پھر سے دھجیاں اڑائی گئی ہیں، شاہ محمود قریشی کو عمران خان کے نظریے پر جم کر کھڑا رہنے کی سزا دی جا رہی ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ جھوٹے، جعلی اور من گھڑت مقدّمات میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو جیل میں رکھنا مشکل ہورہا ہے تو لاقانونیت کی نئی حدوں کو چھوا جارہا ہے، اس ظالمانہ حرکت کے خلاف ہر ممکن کارروائی کریں گے اور اپنے بےگناہ قائدین، کارکنان کو جیلوں سے آزاد کروائیں گے۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور انہیں سائفر کیس میں سزا سنائی جاچکی ہے۔

9 مئی واقعات: عمران خان، شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور، شیخ رشید کو رہا کردیا گیا

خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ’پر تشدد مظاہروں کو ہوا دینے‘ کے الزام میں گزشتہ سال 10 مئی کو رات گئے اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

pti

Shah Mehmood Qureshi

ATC

lahore

9 May

MAY 9 RIOTS

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

9 May Cases

9 may incident