Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عدالت نے حکومت کو ٹیکس نان فائلرز کی موبائل سمیں بلاک کرنے سے روک دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے موبائل فون کمپنی کی درخواست پر 27 مئی تک حکم امتناع جاری کیا ہے
اپ ڈیٹ 14 مئ 2024 01:30pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے موبائل فون کمپنی کی درخواست پر حکومت کو ٹیکس نان فائلرز کی موبائل فون سمیں بلاک کرنے سے روک دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے حکومت کی جانب نے نان فائلرز کی موبائل سمز بند کرنے کے خلاف موبائل فون کمپنی کی درخواست پر سماعت کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے موبائل فون کمپنی کی درخواست پر 27 مئی تک حکم امتناع جاری کیا اور حکومت کو نان فائلز کی موبائل فون سمز بند کرنے سے روک دیا۔

نجی موبائل فون کمپنی زونگ کی طرف سے سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق سے متصادم کوئی قانون سازی نہیں ہو سکتی، حکومت قانون میں ترمیم سے لوگوں کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کا اختیار نہیں حاصل کر سکتی۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ موبائل فون کمپنیوں کی 5لاکھ سے زائد سمز بلاک ہونے کی صورت میں سالانہ 100 کروڑ روپے کا نقصان ہو گا۔، قانون میں کی گئی ترمیم آئین کے آرٹیکل 18 میں کاروبار کی آزادی کے بنیادی حق کے منافی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے کے معاملے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان اتفاق ہوا ہے جس کے تحت 10 مئی سے نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق 10 مئی کو 5 ہزار نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے کی تفصیلات ٹیلی کام آپریٹرز کو مہیا کردی گئی تھیں۔

ایف بی آر حکام کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز نے چھوٹے بیچز میں مینوئل طریقے سے سمیں بلاک کرنے پراتفاق کیا ہے۔

ایف بی آر نے 5 لاکھ 70ہزار سے زائد نان فائلرز پر اڑھائی کے بجائے 90 فیصد اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نان فائلرز پر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے تک 90 فیصد اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کیا جائے گا، اگر کوئی نان فائلر صارف سو روپے کا بیلنس لوڈ کروائے گا تو اس میں سے 90 روپے ایف بی آر کو چلے جائیں گے۔

اگر موبائل فون کمپنیوں کی جانب سے ان نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کے باوجود بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرواتے تو اس صورت میں اگر وہ کوئی دوسری موبائل فون سم نکلوا کر استعمال کرتے ہیں تو اس پر بھی 90 فیصد اضافی ٹیکس دینا پڑے گا۔

نان فائلرز کے ہر دفعہ لوڈ کرانے پر اضافی ٹیکس، موبائل اور ڈیٹا لوڈ پر بھی اضافی ٹیکس لاگو کیا جائے گا۔

Justice Amir Farooq

Islamabad High Court

mobile sim

STAY ORDER

sim block

tax non filer