Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

مظلوم بننے والے 9 مئی کے اصل لیڈروں کا اب احتساب ہوگا، آرمی چیف

ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، چارہ بننے والے سادہ لوح عناصر کو پہلے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے، یادگار شہدا پر گفتگو
اپ ڈیٹ 09 مئ 2024 08:36pm

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مظلوم بننے والے 9 مئی کے اصل لیڈروں کا اب احتساب ہوگا، شرپسندوں نے یادگار شہدا کی دانستہ بے حرمتی کی، ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، پاک فوج کے سربراہ کی آمد پر کور کمانڈر لاہور نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے یاد گار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے، سپہ سالار نے مادر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر جنرل عاصم منیر کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

9 مئی کو بغاوت، ملک و فوج میں تقسیم کی کوشش کرنے والوں کو قرار واقعی سزا ملے گی، وزیراعظم

کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کو ان کی قوم کے لیے خدمات پیش کرنے اور پیشہ ورانہ مہارت پر سراہا۔

آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست پروپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیریزم کررہے ہیں، دشمن مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

جنرل عاصم منیر نے اس بات پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کا ہر سپاہی اور افسر کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتاہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے۔

پاک فوج کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا، دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔

جنرل عاصم منیر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کرپیش کررہے ہیں، ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا، ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل۔

سندھ اور بلوچستان اسمبلی میں سانحہ 9 مئی کیخلاف مذمتی قرار دادیں منظور

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ معصوم لوگ جو اِن مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے اِن کو منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا، اِن ورغلائے ہوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے تاہم اِس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما جو کے اپنے آپ کو معصوم ظاہر کرتے ہیں کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب اُن کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔

نو مئی پر بانی پی ٹی آئی کو معافی کی آفر موجود ہے، خواجہ آصف

پاک فوج کے سربراہ نے فوجی افسران اور جوانوں کو یقین دلایا کہ شہداء اور ان کے اہلخانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزوری اور ہمارے صبر کو لا محدود نہ سمجھا جائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے لاہور گیریژن میں جناح لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ“ہم ایک تعمیری قوت کی حیثیت سے تخریبی قوتوں کی جانب سے بنائے گئے راکھ اور ملبے کے ڈھیروں پر اس پبلک لائبریری کو بنا کر قائد کی حرمت کو دوبارہ روشن کر رہے ہیں“۔

COAS

lahore

General Asim Munir

Army Chief General Asim Munir

syed asim munir

9 May

MAY 9 RIOTS

General Syed Asim Munir

army cheif

9 May Cases

9 may incident

INCIDENTS OF MAY 9