Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سانحہ 9 مئی: حکومت کا کل شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنیکا فیصلہ، تقریب میں آرمی چیف کی شرکت متوقع

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی کل ہوگا
اپ ڈیٹ 08 مئ 2024 12:34pm

وفاقی حکومت نے سانحہ 9 مئی پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی تقریب اسلام آباد جناح کنونشن سینٹر میں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد جناح کنونشن سینٹر میں خصوصی تقریب ہوگی جس میں وزیراعظم شہباز شرریف اور آرمی چیف عاصم منیر بھی شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف شہدا کوخراج عقیدت پیش کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد واقعات رپورٹ ہوئے تھے، مشتعل افراد نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلاؤ گھیراؤ اور مظاہرے کیے۔

تقریب میں وفاقی کابینہ اور ارکان پارلیمنٹ بھی شریک ہوں گے، شہدا کے اہل خانہ بھی شرکت کریں گے، وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی کل ہوگا۔ نو مئی سے متعلق حکومتی پالیسی کی منظوری دی جائے گی، سندھ اور بلوچستان اسمبلی کا اجلاس بھی کل طلب کرلیا گیا۔

علاوہ ازیں 9 مئی کے تناظر میں گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل احمد شریف نے تفصیلی پریس بریفنگ دی۔

انہوں نے سانحہ 9 مئی کو صرف فوج نہیں پورے پاکستان کا مقدمہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو آئین اور قانون کے مطابق سزا دینی چاہیے، جوڈیشل کمیشن کے تحت تحقیقات کیلئے تیار ہیں۔

پاکستان

MAY 9 RIOTS

9 May Cases