Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کا ڈیڈ لاک ختم، صدر سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

ایم کیو ایم نے کراچی میں امن قائم کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی
شائع 01 مئ 2024 08:00pm

صدر مملکت آصف علی زرادری سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جبکہ ایم کیو ایم نے کراچی میں امن قائم کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایم کیو ایم کے وفد کی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وزیر اعلی ہاؤس کراچی میں ملاقات ہوئی۔

ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے علاوہ ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال شامل تھے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے صدر آصف علی زرداری کو دوبارہ صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد دی جبکہ صدر مملکت آصف زرداری نے مبارکباد دینے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا۔

ایم کیو ایم وفد نے صدر مملکت آصف زرداری سے کراچی میں امن و امان سے متعلق بات چیت کی۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ سندھ میں امن و امان سے متعلق آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کرنے آئے ہیں، امن و امان کی بحالی میں ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم وفد نے اس حوالے سے صدر مملکت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

ملاقات کی اندرونی کہانی

ذرائع ایم کیوایم کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی کے درمیان ڈیڈ لاک تھا جو آج ختم ہوا، مسلم لیگ ن کے رویے کے بعد ایم کیوایم نے حکمت عملی تبدیل کی۔

ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ملاقات میں متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی کے درمیان مل کر قوم کی خدمت کرنے پر اتفاق ہوا، وفد نے شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق صدر سے ملاقات میں ایم کیو ایم نے اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی سفارش کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اب تمام سیاسی جماعتوں سے عوامی اور سیاسی مسائل پر بات چیت کرےگی۔

ذرائع ایم کیوایم کے مطابق ایم کیو ایم کی قیادت مسلم لیگ ن کے رویے سےنالاں ہے۔

Asif Ali Zardari

karachi

PPP

MQM

Asif Zardari

Khalid Maqbool Siddiqui

MQM Pakistan

Farooq Sattar

Pakistan People's Party (PPP)

President Asif Ali Zardari