Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب اسمبلی اجلاس: نومنتخب ارکان نے رکنیت کا حلف اٹھا لیا

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا
شائع 29 اپريل 2024 05:56pm

پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران نومنتخب ارکان نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھا لیا، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔

پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران مہمان گیلری میں مختلف حلقوں سے آنے والے لوگوں نے اسمبلی رولز ہوا میں اڑا دیے، نومنتخب ارکان کے ایوان میں آنے پر مہمان گیلری میں بیٹھے لوگوں میں نعروں کا مقابلہ ہوا۔

ن لیگی ارکان کے ایوان میں آنے پر شیر شیر کے نعرے لگائے گئے اور شور شرابا بھی ہوا، پیپلز پارٹی کے نومنتخب رکن ممتاز علی چانگ کی ایوان آمد پر جئے بھٹو، ایک زرداری سب پر بھاری کے نعرے لگائے گئے۔

پنجاب اسمبلی کی سیکیورٹی بھی مہمان گیلری میں لوگوں کو نعروں سے روکنے میں ناکام ہوگئی، اسپیکر اسمبلی ملک احمد خان نے مہمان گیلری سے نعروں کو سختی سے روک دیا۔

پنجاب اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ آخری لمحات میں تبدیل، اپوزیشن کی تنقید

ملک محمد احمد خان نے اپوزیشن کو نقطہ اعتراض پر بات کرنے سے بھی منع کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نومنتخب ارکان سے حلف نہیں لوں گا، اپوزیشن کو بات کرنے کی اجازت نہیں دوں گا۔

بعدازاں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کے نقطہ اعتراض پر رانا آفتاب احمد کو بات کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

جس کے بعد ضمنی انتخاب میں کامیاب نومنتخب ارکان نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھا لیا، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔

پنجاب اسمبلی کے ایوان میں نومنتخب ارکان کے حلف کے موقع پر اپوزیشن کی جانب سے شور شرابا کیا گیا تاہم شور شرابے اور نعرے بازی میں نومنتخب ارکان نے حلف لیا۔

حلف اٹھانے والوں میں سعید اکبر نوانی،عدنان افضل چٹھہ شامل ہیں جبکہ ملک ریاض اور چوہدری محمد نواز نے بھی رکنیت کا حلف اٹھا لیا، اس کے علاوہ ممتاز علی چانگ، احمد اقبال چوہدری سمیت دیگر نومنتخب ارکان نے بھی حلف اٹھایا۔

حلف بردراری کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان غصے میں آگئے، شور مچانے والوں کو خاموش کروا دیا۔

رانا آفتاب احمد خان کی ایوان میں گفتگو

پنجاب اسمبلی میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رانا آفتاب احمد خان نے کہا کہ میرے اوپر 20 مقدمے ہیں کلیم اللہ اور کنول سمیت دیگر لوگوں کو لوٹا گیا، ٹک ٹاک فورس نے چادر اور چار دیواری کی پامالی کی، آئی جی نے وزیر اعلیٰ کو ایسی وردی پہنائی تو پولیس نے ہمارے لوگوں پر تشدد کیا اور لاٹھی چارج بھی کیا۔

رانا آفتاب احمد خان نے مزید کہا کہ اسپیکر چیمبر میں گفتگو کی کہ کسی ممبر پر پرامن احتجاج پر ریڈز نہیں ہونی چاہئیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے پولیس ایکشن کے خلاف کمیٹی بنانے کا حکم دے دیتے ہوئے ارکان اسمبلی کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ مانگ لی۔

پنجاب اسمبلی میں سوالوں کے مناسب جواب نہ ملنے پر اسپیکر نے نوٹس لے لیا

اسپیکر ملک احمد خان نے حکم دیا کہ کتنے ارکان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، رپورٹ پیش کی جائے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ آئی جی نے مجھے بتایا ہے کہ کسی رکن اسمبلی کے گھر چھاپہ نہیں مارا۔

صوبائی وزیر کے ریمارکس پر اپوزیشن نے شور شرابا شروع کردیا اور جھوٹ جھوٹ کے نعرے لگائے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ چھاپوں کے متعلق کل مکمل تفصیلی رپورٹ ایوان میں پیش کردوں گا۔

lahore

punjab assembly

by election

Malik Ahmad Khan

Punjab By Elections

By election 2024

rana aftab ahmad khan