Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
29 Rabi Al-Akhar 1446  

جسٹس بابر ستار کے پاس پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک کی شہریت نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر اسلام آبادہائیکورٹ کا اعلامیہ جاری
شائع 28 اپريل 2024 03:38pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس بابر ستار کے گرین کارڈ، بچوں کی امریکی شہریت، امریکی جائیدادوں اور فیملی بزنس پر وضاحت کردی، عدالت نے کہا کہ جسٹس بابر ستار کے پاس پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک کی شہریت نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس بابر ستار کے خلاف جاری سنگین قسم کی سوشل میڈیا مہم کے حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا۔

عدالت نے جسٹس بابر ستار کے گرین کارڈ، بچوں کی امریکی شہریت، امریکی جائیدادوں اور فیملی بزنس پر وضاحت کردی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ جسٹس بابر ستار کی والدہ 1992 سے اسکول چلارہی ہیں، جس کے وہ لیگل ایڈوائزر رہے اور فیس وصول کی، جسٹس بابر ستار کی پاکستان اور امریکا میں جائیداد ٹیکس ریٹرنز میں موجود ہے، جسٹس بابر ستار کے جج بننے کے بعد ان کے بچوں نے پاکستان سکونت اختیار کی، جسٹس بابر ستار کے گرین کارڈ کا اس وقت کے چیف جسٹس کو علم تھا۔

سات روز میں مداخلت رپورٹ نہ کرنے والے جج کو مس کنڈکٹ کا مرتکب ٹھہرایا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ کی تجویز

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس بابر ستار کی امریکی شہریت سوشل میڈیا مہم کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس بابر ستار کے پاس پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک کی شہریت نہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر جسٹس بابر ستار کے خلاف ہتک آمیز اور بے بنیاد مہم چلائی جا رہی ہے، جسٹس بابر ستار کی خفیہ معلومات پوسٹ اور ری پوسٹ کی جا رہی ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ جسٹس بابر ستار، اُنکی اہلیہ اور بچوں کے سفری دستاویزات سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے جا رہے ہیں، جسٹس بابر ستار نے آکسفورڈ لاء کالج اور ہاورڈ لاء کالج سے تعلیم حاصل کی۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل فرد کی وجہ سے جسٹس بابر ستار کو امریکا کا مستقل ریڈیڈنسی کارڈ ملا تھا، 2005 میں جسٹس بابر ستار امریکی نوکری چھوڑ کر پاکستان آگئے اور تب سے پاکستان میں کام کر رہے ہیں۔

Islamabad High Court

justice babar sattar

Social media trolling

social media campaign

ihc judges