Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کوچز کا اعلان کردیا

جیسن گلیسپی کو ریڈ بال ٹیم جبکہ گیری کرسٹن کو وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے، محسن نقوی
شائع 28 اپريل 2024 01:49pm

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے کوچز کے ناموں کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے سابق سابق آسٹریلین فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کو پاکستان کی ریڈ بال ٹیم جبکہ جنوبی افریقی کرکٹر گیری کرسٹن کو وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا جبکہ اظہر محمود تمام فارمیٹس میں اسسٹینٹ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں اظہر محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آج کی پریس کانفرنس قومی ٹیم کے کوچز سے متعلق ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ دنیا کے مشہور کوچز کو لارہے ہیں، جیسن گلیسپی کو پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا کوچ لارہے ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے گیری کرسٹن قومی وائٹ بال ٹیم کے کوچ ہوں گے، گیری کرسٹن انگلینڈ کے ٹور پر ٹیم کو جوائن کر لیں گے جبکہ جیسن گلسپی بنگلادیش سیریز میں ٹیم کو جوائن کریں گے، ان غیر ملکی کھلاڑیوں کا آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں ہمارے پوٹینشل پر اعتماد ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ اظہر محمود دونوں فارمیٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے، یہ وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ ٹیموں کو جوڑیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کرکٹ بورڈ کا کام پیسے اکٹھے کرکے بینکوں میں جمع کرنا نہیں، امید ہے کہ ہم پاکستان کرکٹ کے لیے بہتر کریں گے۔

پی سی بی نے وائٹ اور ریڈ بال کرکٹ کیلئے کوچز فائنل کر لیے

محسن نقوی نے کہا کہ ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی لا رہے ہیں، ویمن کرکٹ کو برابری پر اوپر لائیں گے، فزیو تھراپسٹ کے لیے ڈیوائسز منگوا لی ہیں، کل کوئٹہ قلات میں آندھی طوفان آیا، لڑکے ٹیپ بال کرکٹ کھیل رہے تھے، دیوار گرنے سےکھلاڑی زخمی ہوئے، 3 کی حالت تشویشناک ہے، ان کا علاج کرائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے مزید بتایا کہ اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے، 7 مئی کو ہماری انٹرنیشنل بڈ ہے، ایسی کمپنیاں ہوں گی جو انٹرنیشنل اسٹیڈیمز کا تجربہ رکھتی ہیں، ہم تاخیر کا شکار ہیں لیکن جلد از جلد کام مکمل کریں گے۔

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر احسان اللہ کی انجری کے حوالے سے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ احسان اللہ کے علاج کے حوالے سے شکایت ملی تھی، منگل بدھ تک پینل کی رپورٹ آجائےگی، ابھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا لیکن جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف ایکشن ہوگا، ہمارے لیے سب کرکٹرز اہم ہیں۔

کراچی میں قومی ویمن کرکٹرز کی کار کو حادثے سے متعلق سوال پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا ہماری ویمن کرکٹرز بغیر بتائے کیمپ سے گئیں، ویمن کرکٹرز کا حادثہ ہوا اور وہ زخمی ہوئیں، ہم نے اس پر ایکشن لیا ہے، خاتون ایس ایس پی کو چیف سکیورٹی افسر مقرر کیا ہے، خواتین کرکٹرز کی سخت مانیٹرنگ ہوگی۔

اس موقع پر اظہر محمود نے کہا کہ پی سی بی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا گیا، میرا مقصد پاکستان ٹیم کو اوپر لانا ہے، پہلی مرتبہ دو غیر ملکی کوچز پاکستان آ رہے ہیں، ایسے میں میرا رول بڑا اہم ہو جاتا ہے۔

قومی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ کون؟ پی سی بی کا سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر سے رابطہ

قومی کرکٹرز کی فٹنس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فٹنس پرکبھی توجہ نہیں دی گئی، دنیا کے پلیئرزکی فٹنس دیکھیں، ہمیں فٹنس پرکام کرنا ہے، فٹنس کیمپ کی وجہ سے فٹنس کیسے خراب ہو سکتی ہے، غیر ملکی کوچز ٹیم کے ساتھ رہیں گے، ہم کوچز سے ٹیموں سے ہٹ کر بھی کام لیں گے۔

چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا اس وقت حکومت اور کرکٹ بورڈ مستحکم ہے، تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں، اپنےکچھ اختیارات سلیکشن کمیٹی کو دیے ہیں، میں سب کچھ اپنے ہاتھ میں نہیں رکھتا ، ہم نے غیر ملکی کوچز کے ساتھ مقامی کوچز کا کمبی نیشن بنایا ہے، ہمیں اپنی غلطیوں کی نشاندہی کر کے انہیں بہتر کرنا ہے، غیر ملکی کوچز کا لانے کا مقصد ٹیم کی بہتری ہے، کسی کھلاڑی کو انگلش نہیں آتی تو وہ سیکھےگا اور اظہر محمود ان کے ساتھ ہیں۔

PCB

lahore

head coach

white ball cricket

chairman pcb

mohsin naqvi

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

Jason Gillespie

gary kirsten

Red Ball Cricket

azhar mehmood