Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

فل کورٹ اجلاس کی اندرونی کہانی: عدلیہ میں کسی بھی مداخلت پر ادارہ جاتی رسپانس دینے کا متفقہ فیصلہ

اسلام آباد ہائیکورٹ کا تمام تجاویز متفقہ طور پر سپریم کورٹ کو بھیجنے کا فیصلہ
شائع 23 اپريل 2024 08:42pm
فوٹو۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔ فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فُل کورٹ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا تمام تجاویز متفقہ طور پر سپریم کورٹ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کی جانب سے ایگزیکٹو کی عدلیہ کے معاملات میں مداخلت سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط کے معاملے پر سپریم کورٹ کو تجاویز دینے کے لیے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں عدالت عالیہ کے تمام ججوں، وفاقی دارالحکومت کے ایسٹ اور ویسٹ کے دو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کی تجاویز پر غور کیا گیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا، جس میں سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھنے والے 6 ججوں سمیت 8 ججوں نے شرکت کی۔

عدلیہ میں خفیہ اداروں کی مبینہ مداخلت اور اثرانداز ہونے پر 6 ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھ دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز اجلاس میں شریک ہوئے۔

اسی طرح خط پر دستخط نہ کرنے والے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی اجلاس میں شریک تھے۔

سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کی سماعت کے بعد ہائیکورٹ سے مانگی گئیں تجاویز کے لیے ہونے والے اجلاس میں تمام ججوں کی جانب سے آنے والی تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس کی اندرونی کہانی

ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فُل کورٹ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدلیہ میں کسی بھی مداخلت پر ادارہ جاتی رسپانس دینے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام تجاویز متفقہ طور پر سپریم کورٹ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، فُل کورٹ میں کسی بھی جج کی تجویز پر کوئی اختلاف سامنے نہیں آیا، تجاویز کا ڈرافٹ تیار کر کے مقررہ تاریخ سے پہلے سپریم کورٹ کو بھیجوایا جائے گا۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ہائیکورٹ ججز پہلے ہی اپنی تجاویز جمع کرا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 3 اپریل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط پر سپریم کورٹ کے از خود نوٹس پر سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیے کہ عدلیہ کی خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہوسکتا ہے آئندہ سماعت پر فل کورٹ تشکیل دے دیں۔

واضح رہے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے 7 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا تھا۔

پس منظر

واضح رہے کہ 25 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز نے ججز کے کام میں خفیہ ایجنسیوں کی مبینہ مداخلت اور دباؤ میں لانے سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھا تھا۔

یہ خط اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس سمن رفت امتیاز کی جانب سے لکھا گیا۔

ججز کے خط پر سپریم کورٹ نے دو فل کورٹ اجلاس منعقد کیے جن میں اس معاملے پر غور کیا گیا، بعد میں چیف جسٹس پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

اس ملاقات کے بعد 30 مارچ کو ایک رکنی انکوائری کمیشن بنانے کی منظوری دے دی گئی تھی، اور جسٹس (ر) تصدق جیلانی کو کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ اجلاس نے 25 مارچ 2024 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 معزز جج صاحبان کی جانب سے لکھے گئے خط کے مندرجات پر تفصیلی غور کیا۔

ججز کے خط کی انکوائری کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، بیرسٹر گوہر

اجلاس کو بتایاگیا تھا کہ سپریم کورٹ کے فل کورٹ اعلامیے کے مطابق عزت مآب چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی وزیر اعظم سے ملاقات میں انکوائری کمیشن کی تشکیل تجویز ہوئی تھی۔

تاہم بعد میں جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی نے انکوائری کمیشن کی سربراہی سے معذرت کر لی جس کے بعد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کے خط کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے 7 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا تھا۔

خط کا متن

اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کی جانب سے منظر عام پر آنے والے خط میں کہا گیا تھا کہ ہم بطور اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز سپریم جوڈیشل کونسل سے ایگزیکٹیو ممبران بشمول خفیہ ایجنسیوں کے ججز کے کام میں مداخلت اور ججز کو دباؤ میں لانے سے متعلق رہنمائی چاہتے ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے نتیجے میں سامنے آیا جس میں سپریم کورٹ کی جانب سے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سال 2018 میں برطرفی کو غلط اور غیر قانونی قرار دیا گیا اور کہا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو ریٹائرڈ تصور کیا جائے گا۔

سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو اس وقت برطرف کر دیا گیا تھا جب ان کی جانب سے یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بینچز کی تشکیل اور احتساب عدالت اسلام آباد میں مقدمات کے ٹرائل میں مداخلت کرتے ہیں۔

خط کے مطابق ان الزامات کے بعد اس وقت کی وفاقی حکومت اور آرمی چیف کی جانب سے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف شکایات دائر کی گئی تھیں۔

اس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے اپنے حالیہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی جج کو سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے تحقیقات کیے بغیر برطرف نہیں کیا جا سکتا، سپریم کورٹ نے اپنے حالیہ فیصلے میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی برترفی کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے۔

خط کے مطابق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے سے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے مؤقف کی جیت ہوئی ہے تاہم غیر قانونی برطرفی کا ازالہ ممکن نہیں، کیا اس وقت واقعی خفیہ ایجنسی کے اہلکار عدالتی معاملات میں مداخلت کر رہے تھے؟ اس کا جواب نہیں مل سکا ہے، اگر خفیہ ایجنسی کے اہلکار واقعی عدلیہ کی آزادی کو مجروح کرنے میں ملوث تھے تو کیسے ان کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکتا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔

عدلیہ میں ایگزیکٹو کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی، فل کورٹ اجلاس کا اعلامیہ

متن کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے بھی میڈیا انٹرویوز میں خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کی عدالتی معاملات میں مداخلت کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ دہرایا۔

خط میں کہا گیا کہ ججز کا موجودہ کوڈ آف کنڈکٹ اس حوالے سے رہنمائی کرنے سے قاصر ہے کہ ججز کی جانب سے خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے عدلیہ کی آزادی کو مجروح کرنے کا کا کیا ردعمل دیا جائے، ہم سمجھتے ہیں کہ اس بات کی تحقیقات انتہائی اہم ہیں کہ کیا ریاست کی جانب سے عدلیہ کے کام میں مداخلت کی پالیسی اب بھی جاری ہے جس پر خفیہ ایجنسی کے اہلکار عمل درآمد کرواتے ہیں؟

ججز کی جانب سے لکھے گئے خط میں اسلام آباد کی عدلیہ کو خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے درپیش دھمکی امیز واقعات کا بھی ذکر کیا گیا۔

خط میں کہا گیا تھا کہ ہم درخواست کرتے ہیں کہ عدالتی امور میں انٹیلی جنس اہلکاروں کی مداخلت اور عدلیہ کی آزادی کو مجروح کرنے کے لیے ججوں کو دھمکانے کے معاملے پر غور کرنے کے لیے ایک جوڈیشل کنونشن بلایا جائے۔

اس کے ایک روز بعد مختلف حلقوں سے اس کی تحقیقات کے مطالبات سامنے آئے، جس کے پیشِ نظر چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ کے ججز کا فل کورٹ اجلاس طلب کیا۔

28 مارچ کو وزیر اعظم شہباز شریف نے چیف جسٹس عیسیٰ سے ملاقات کی، جہاں دونوں نے کابینہ کی منظوری کے بعد عدالتی امور میں مداخلت کے خدشات کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا۔

30 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے الزامات پر ایک رکنی انکوائری کمیشن بنانے کی منظوری دے دی گئی تھی، جسٹس (ر) تصدق جیلانی کو کمیشن کا سربراہ مقرر کر دیا گیا تھا۔

ہائیکورٹ ججز کا خط: پاکستان بار کونسل کا سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل کمیشن بنانے کا مطالبہ

31 مارچ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججوں کے خط کے معاملے پر 300 سے زیادہ وکلا نے سپریم کورٹ سے آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے تحت انٹیلی جنس اپریٹس کی جانب سے عدالتی امور میں مداخلت کرنے کے الزامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

Islamabad High Court

Letter to Chief Justice

ihc judges

judges letter

Islamabad High Court Judges Letter

Commission on Judges Letter

LETTER OF SIX JUSTICES

IHC suspicious letters

Suspicious Letters to Judges

lhc judges