Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور ایران کے تعلقات خراب نہیں کرسکتی‘ ایرانی صدر واپس روانہ

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی کراچی میں مزار قائد پر حاضری، اعزازی ڈگری سے نوازا گیا

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا دورہ پاکستان مکمل ہوگیا، مہمان صدر کراچی سے تہران روانہ ہوگئے، گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ نے انھیں الوداع کیا۔ ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور ایران کے تعلقات خراب نہیں کرسکتی، فلسطین کی آزادی پوری مسلم امہ کی ترجیح ہے، انقلاب ایران ابھی ختم نہیں ہوا،دنیا میں شیطانیت اورسرکشی کے خلاف آج بھی ہمارے نعرے زندہ ہیں۔

دورہ کراچی کے دوران منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے پاکستانی قوم کو آیت اللہ خامنائی اایران کی قوم کا سلام دیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے دیرینہ تعلقات ہیں جو تاریخ، ثقافت، مذہب اور بھائی چارے سے جڑے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور ایران کے تعلقات کو خراب نہیں کرسکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم پاکستان ایران دونوں کے لیے قابل تعظیم ہیں وہ پاکستان کے مسلمانوں کے لیے آزادی کا سمبل ہیں۔

ایرانی صدر کی پاکستان آمد پر پاک ایران گیس پائپ لائن پر کوئی گفتگو کیوں نہیں کی گئی؟

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ انقلاب ایران ابھی ختم نہیں ہوا بلکہ دنیا میں شیطانیت اور سرکشی کے خلاف آج بھی ہمارے نعرے زندہ ہیں، فلسطین کی آزادی آج بھی مسلم دنیا اور مسلم امہ کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا ایرانی صدر کو فارسی زبان میں خوش آمدید

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معززمہمان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں ایرانی صدر کو فارسی زبان میں خوش آمدید کہا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر کا استقبال کرنا میرے لیے باعث فخر ہے، ایرانی صدر کو سندھ کے عوام کی جانب سے خوش آمدید کہتا ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے معززمہمان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو فارسی زبان میں خوش آمدید کہا، جناب عزت ماب صدرمحترم’’ازملاقات شما خوش بختم‘’۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، ہمارے مابین مذہبی، علمی، تہذیبی اور اقتصادی روابط استوار ہیں، دونوں ممالک نے صدقِ دل و جاں سے ساتھ دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ذوالفقارعلی بھٹو اور بینظیربھٹو نے ایران کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دی، صدرزرداری نے ایران کو ہمیشہ ایک قابلِ بھروسہ دوست تصور کیا، بلاول بھٹو نے بطور وزیرخارجہ رابط بڑھانے پر زور دیا، صدر زرداری اور بلاول بھٹو بھی ایران کو قابل بھروسہ دوست سمجھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں نسل کشی ایک لمحہ فکریہ ہے، پاکستان فلسطین اور کشمیر کے مسائل کا پرامن چاہتا ہے ۔

ایرانی صدر کی گورنر سندھ سے ملاقات

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔

جناب عزت ماب صدر محترم’’ازملاقات شما خوش بختم‘’،وزیراعلیٰ سندھ

اس موقع پر ایرانی صدر اور گورنر سندھ نے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تبادلہ بڑھانے پر حامی بھری، گورنر سندھ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کوپی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری بھی دی۔

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، ایران کے صدر کو اعزازی ڈگری دینا جامعہ کراچی کے لیے اعزاز ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاک ایران سفارتی تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں، کوشش اور خواہش یہ ہے کہ مسلم ممالک کے درمیان مثالی تعلقات قائم ہوں، ایران اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہوں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے کئی صوبوں کا دورہ کرکےتاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقات کرچکا ہوں، ایرانی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، وہ یہاں سازگار ماحول سے فائدہ اٹھائیں۔

اس موقع پر ایرانی صدرنےسندھ میں بہترین مہمان نوازی پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

ایرانی صدر کراچی پہنچ گئے

اس سے قبل ایران کے صدر ابراہیم رئیسی لاہور کا دورہ مکمل کرنے کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے شام 5 بج کر 28 منٹ پر لاہور سے کراچی پہنچے، طیارے نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔

ایئرپورٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر آصفہ بھٹو، عذرا پیچوہو، شرجیل میمن اور دیگر کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔

ایئرپورٹ سے ایرانی صدرابراہیم رئیسی گورنرہاؤس پہنچے، جہاں ان کی گورنرسندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر ہاؤس سے ایرانی صدر قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار پہنچے اور حاضری دی، انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، صدر ابراہیم رئیسی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بند کیے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنرسندھ کامران ٹیسوری بھی ہمراہ تھے جبکہ سندھ کابینہ کے ارکان بھی مزار قائد پر موجود تھے۔

بعدازاں ایرانی صدرابراہیم رئیسی وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے، وزیراعلیٰ ہاؤس میں معزز مہمانوں کے اعزاز میں تقریب سجائی گئی، ایرانی صدر کی اہلیہ نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

ایرانی صدر نے سینیٹرز، ارکان اسمبلی، علماء مشائخ اور تاجربرادری سے ملاقات بھی کی۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی میں قیام کریں گے، ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کا آج آخری روز ہے، وہ کل صبح کراچی سے واپس ایران روانہ ہو جائیں گے۔

ایرانی صدر کی دورہ لاہور کے دوران مزار اقبال پر حاضری

اس سے قبل ایرانی صدر ابراہیم رئیسی جب لاہور پہنچے تھے تو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ایئرپورٹ پر سید ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا تھا جبکہ مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

لاہور میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے گورنر اور وزیر اعلی پنجاب سے ملاقاتیں کیں، وزیر اعلی مریم نواز سے ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت بھی ہوئی۔

ملاقات میں پنجاب اور ایران کے درمیان وفود کے تبادلے اور مشترکہ بزنس کونسل بنانے پر گفتگو کی گئی، جس پر ایرانی صدر نے وزیر اعلی پنجاب کو ایران دورے کی دعوت بھی دی۔ وزیر اعلی پنجاب نے ظہرانے میں آمد پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ پاکستانی بہت محبت کرتے ہیں،دونوں ملک ملکر اپنے عوام کی ترقی کے تعاون جاری رکھیں گے، ایرانی صدر نے بہترین مہمان نوازی پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

اپنے دورہ لاہور کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے مزار اقبال پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی بھی کی۔

مزار کے احاطے میں پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے مہمان صدر کو گارڈ آف آنر دیا۔

ابراہیم رئیسی نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلق ہیں، یہ رشتہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو گا۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر کی آمد پر لاہور میں آج عام تعطیل تھی جبکہ سیکیورٹی انتظامات کے تحت شہر کی متعدد سڑکیں بند کی گئی تھیں تاہم بعد میں سڑکیں کھلنے کے بعد ٹریفک بحال ہوگیا۔

تعطیل کی وجہ سے عدالتیں اور تعلیمی ادارے بند ہیں، انٹر کے تحت ہونے والے پیپرز اور پریکٹیکل بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں، تاہم پنجاب سول سیکریٹریٹ سے منسلک محکموں میں تعطیل نہیں ہے۔

لاہرر کے بعد ایرانی صدر کراچی جائیں گے ، مہمان صدر مزار قائد پر حاضری دیں گے، اور حکام سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ ابراہیم رئیسی کراچی یونیورسٹی بھی جائیں گے جہاں انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی جائے گی۔

شہر قائد میں بھی آج عام تعطیل ہے، شارع فیصل آج تین بجے سے پانچ بجے تک بند رہے گی، ائیرپورٹ سے پی آئی ڈی سی تک سڑک مکمل بند رہے گی۔

ایم اے جناح روڈ سے صدر جانے والے روڈ پر کنٹینر رکھ دیے گئے۔ شارع قائدین سے نمائش جانے والا روڈ بھی بند کردیا گیا، پیپلز سیکریٹریٹ چورنگی کے اطراف بھی کنٹینر لگا دیے گئے۔

karachi

lahore

iranian president

Iran Pakistan Trade

Ibrahim Raeesi

DR IBRAHIM RAEESI

IRANI PRESIDENT