Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب بھر میں ایئر ایمبولینس سروس کب سے شروع ہو گی؟

ائیر ایمبولینس پنجاب بھر کے مختلف بڑے اسپتالوں کی رسائی کے لیے پروازیں کرے گی
شائع 13 اپريل 2024 06:22pm

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کیاجس میں پنجاب بھر میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کے حوالے سے بتایا گیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی ایئر ایمبولینس سروس کیلئے تربیتی سیشن کا آغاز کر دیا ہے، ایئر ایمبولینس سروس جون میں شروع ہو جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ٹریننگ سیشن میں پنجاب بھر کے مختلف بڑے اسپتالوں کی رسائی کے لیے پروازیں کی گئیں.

ایمبولینس کی مشقی پرواز میں مریض کو ایمرجنسی صورت حال میں اسپتال پہنچانے کی مشق کی گئی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ریسکیو کے تربیتی سیشن کی وڈیو بھی شئیر کی۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ایئر ایمبولینس سروس کا منصوبہ ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا ہے، جو کہ جون میں شروع ہو جائے گی۔

دوسری جانب ایئر ایمبولینس سروس کی ٹریننگ سیشن کے حوالے سے عظمیٰ بخاری کا بیان سامنے آگیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے اپنی پہلی تقریر میں ایئر ایمبولینس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا صرف ایک ماہ میں وعدے کے عین مطابق ایئر ایمبولنس کیلئے جہاز خرید لیا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھروں کا نعرہ لگانے والوں نے قوم کو لنگر خانے اور پناہ گاہیں دی مسلم لیگ ن کے پاس ایسے فراڈ پروجیکٹ نہیں۔ پنجاب حکومت کی کارکردگی سوشل میڈیا پر نہیں گراؤنڈ پر نظر آرہی ہے۔

punjab

hospital

air ambulance

Maryam Nawaz Sharif