Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

محمد عامر، عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ عثمان خان، نسیم شاہ اور اعظم خان بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے
اپ ڈیٹ 09 اپريل 2024 04:02pm

نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ٹی 20 ہوم سیریز کے لیے 17 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کیا جبکہ بابراعظم کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے

سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کردہ ناموں میں بابراعظم کے علاوہ ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، عباس آفریدی، محمد رضوان، محمد عامر، محمد عرفان نیازی، محمد رضوان، محمد عامر، صائم ایوب، نسیم شاہ، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، اسامہ میر، عثمان خان اور زمان خان شامل ہیں۔

ریزرو کھلاڑی

قومی سلیکشن کمیٹی نے منگل کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بابراعظم کی قیادت میں 17 رکنی ٹیم کے علاوہ 5 ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بھی کیا ہے۔

ریزو کھلاڑیوں میں نوجوان حسیب اللہ خان، محمد علی، وسیم جونئیر، سلمان آغا اور صاحبزادہ فرحان اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی

ریٹائرمنٹ واپس لینے والے محمد عامر کی 4 سال بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ آل راؤنڈر عماد وسیم بھی کیویز کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

یاد رہے کہ محمد عامر اور عماد وسیم نے گزشتہ دنوں اپنی ریٹائرمنٹ ختم کرکے خود کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے دستیاب ہونے کا اعلان کیا تھا۔

عماد وسیم نے آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی گزشتہ سال نیوزی لینڈ ہی کے خلاف راولپنڈی کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کی تھی۔

انہوں نے حالیہ پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائٹڈ کی طرف سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کے خلاف ناقابل شکست نصف سنچری بنانے کے علاوہ ملتان سلطانز کے خلاف فائنل میں پانچ وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

عماد وسیم66 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 486 رنز بنانے کے علاوہ 65 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

محمد عامر نے آخری مرتبہ 2020 میں پاکستان کی طرف سے انگلینڈ کے خلاف اولڈ ٹریفرڈ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا تھا۔

محمد عامر نے 50 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 59 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

عثمان خان اور عرفان خان نیازی بھی قومی اسکواڈ کا حصہ

اسی طرح یو اے ای کو چھوڑ کر پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرنے والے عثمان خان اور عرفان خان نیازی بھی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں قومی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

عثمان خان کون ہیں؟

پاکستان ٹیم میں پہلی مرتبہ شامل ہونے والے 28 سالہ عثمان خان اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں کھیلتے رہے ہیں ۔وہ گزشتہ دو سال سے پاکستان سپر لیگ میں شاندار پرفارمنس دیتے رہے ہیں۔

گزشتہ سال انہوں نے ملتان سلطانز کی طرف سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین سنچری صرف 36گیندوں پر بنائی تھی۔

اس سال بھی عثمان خان نے پی ایس ایل میں دو سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 430 رنز اسکور کیے۔

عرفان خان نیازی کون ہیں؟

21 سالہ عرفان خان نیازی کی ٹیم میں شمولیت ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر عمل میں آئی ہے، وہ اس سال پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی طرف سے کھیلتے ہوئے ٹورنامنٹ کے بہترین فیلڈر اور بہترین ایمرجنگ کرکٹر قرار پائے تھے۔

پریذیڈنٹ ٹرافی میں اسٹیٹ بینک کی طرف سے کھیلتے ہوئے عرفان خان نیازی نے 6 اننگز میں 455 رنز اسکور کیے تھے، وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک سنچری بھی اسکور کرچکے ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں انہوں نے ایک نصف سنچری بنائی ہے۔

عرفان خان 2020 اور 2022 میں انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

’نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں حارث رؤف دستیاب نہیں ہوں گے‘

اس موقع پر سینئر ٹیم مینجر وہاب ریاض نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ ورلڈ کپ ہے، کھلاڑیوں سے بات ہوئی ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں حارث رؤف دستیاب نہیں ہوں گے وہ انگلینڈ کے لیے سیریز میں دستیاب ہوسکتے ہیں۔

وہاب ریاض نے مزید کہا ہے کہ عماد وسیم اور محمد عامر میں میچ وننگ صلاحیتیں موجود ہیں، آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ سیریز بہت اہم ہے۔

’پاک نیوزلینڈ سیریز ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہے‘

سلیکشن کمیٹی نے کہا کہ اس سیریز میں روٹیشن پالیسی کے تحت زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا تاکہ مضبوط کامبی نیشن تیار ہوسکے، سیریز ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہے۔

عرفان نیازی نے کہا کہ پہلی بار پاکستان ٹیم میں شامل ہونے کی خوشی ہے، پوری توجہ بہترین پرفارمنس پر ہوگی، ملنے والے موقع سے پورا پورا فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔

عثمان خان کا کہنا تھا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ سلیکٹرز نے مجھے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں موقع دیا ہے، کسی بھی کھلاڑی کے لیے یہ فخر کی بات ہوتی ہے کہ وہ ملک کی نمائندگی کرے۔

’عثمان اور عرفان نے اپنی عمدہ کارکردگی سے ٹیم میں جگہ بنائی‘

بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا کہ عثمان اور عرفان نے اپنی عمدہ کارکردگی سے ٹیم میں جگہ بنائی ہے، یقین ہے کہ یہ دونوں کھلاڑی کپتان اور سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچوں کی 20 سیریز 18 سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی جس کے لیے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی، یہ سیریز پاکستان کرکٹ ٹیم کی امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے، اس سیریز کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ اور آئرلینڈ کے دورے میں بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

واضح رہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی نے گزشتہ دنوں کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران انہیں روٹیشن پالیسی سے آگاہ کیا تھا جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو مواقع دینا ہے تاکہ ایک مضبوط کامبی نیشن تیار کیا جاسکے۔

PCB

lahore

Pakistan Cricket Team

t20 series

Pakistan vs New Zealand

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

pcb selection committee