Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

دھاتی دوڑ خیبرپختونخوا سے پنجاب آنے کے الزام پر دونوں صوبوں میں لڑائی

اگر گردنیں کاٹنے والی دھاتی ڈور خیبرپختونخوا سے آرہی ہے تو کیا پنجاب پولیس سو رہی ہے، بیرسٹر سیف
شائع 06 اپريل 2024 09:20am
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

دھاتی دوڑ خیبرپختونخوا سے پنجاب آنے کے الزام پر دونوں صوبوں میں لڑائی شروع ہوگئی۔ مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ اگر گردنیں کاٹنے والی دھاتی ڈور کے پی سے آرہی ہے تو کیا پنجاب پولیس سو رہی ہے، کیا پولیس صرف مریم نواز کے پروٹوکول پر مامور ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو پنجاب کے عوام کی جانیں عزیز ہیں لیکن شاید علی امین گنڈاپور کو پختونوں کی جانیں عزیز نہیں ہیں۔

مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرسیف نے کہا کہ مریم نواز نے پریس کانفرنس میں ایک عجیب سی بات کی۔ مریم نواز نے کہا کہ گردنیں کاٹنے والی دھاتی ڈور خیبرپختونخوا سےآرہی ہے۔

بیرسٹرسیف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس قسم کے بیانات صوبوں اورعوام کے درمیان نفرتیں پیدا کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈور آرہی ہے تو کیا آپ کی پولیس سورہی ہے، کیا آپ کی پولیس صرف آپ کی سکیورٹی اور پروٹوکول پر مامور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب حکومت کی نااہلی چھپانے کیلئے خیبرپختونخوا پر الزام لگا رہی ہے۔

’بیرسٹر سیف صوبائیت کارڈ کھیل رہے ہیں، علی امین کو شاید لوگوں کی جانیں عزیز نہیں ہیں‘

دوسری طرف وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خیبرپختونخوا سے آنے والی دھاتی ڈور کے بارے میں بیان رپورٹس کی بنیاد پر دیا، دھاتی ڈور آنے کی نشاندہی الزام برائے الزام نہیں ہے۔ ’بیرسٹر سیف صوبائیت کارڈ کھیلنے کے بجائے اپنے صوبے پر نظر رکھیں، اور ہر مسئلے پر سیاست چمکانا چھوڑ دیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پتنگ بازی کے باعث کئی بے گناہ شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دو بیٹھے ہیں، مریم نواز کو پنجاب کے عوام کی جانیں عزیز ہیں لیکن شاید علی امین گنڈاپور کو پختونوں کی جانیں عزیز نہیں ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے عوام ذہنی مریضوں اور احساس کمتری کا شکار لوگوں کے رحم و کرم پر ہیں، اللہ وہاں کے عوام کے حال پر رحم فرمائے۔

Ali Amin Gandapur

Barrister Muhammad Ali Saif

CM Punjab Maryam Nawaz

kite flying