Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم کی نئے ٹیلنٹ کے حصول کے لئے محمد اورنگزیب کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت

شہباز شریف کی 5 سال میں ملکی برآمدات دگنا کرنے کا لائحہ عمل بنانے کی ہدایت
شائع 03 اپريل 2024 08:19pm

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں نئے ٹیلنٹ کے فروغ اور وفاقی وزارتوں کی استعداد بڑھانے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں ،وزیراعظم نے نئے ٹیلنٹ کے حصول کے لیے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔

اجلاس میں وفاقی وزارتوں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات کے حصول کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا پاکستان کو بین الاقوامی معیار کا ٹیلنٹ پول بنانے کی ضرورت ہے،، باصلاحیت پیشہ ور افراد اور تکنیکی ماہرین ہمارے موجودہ گورننس کے نظام میں جدت لا کر اسے مزیر مؤثر بنائیں گے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ماہرین اور کنسلٹنٹس کی تعیناتی کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل کرنے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور اعلیٰ سرکاری افسران شریک تھے۔

برآمدی شعبے کی ترقی پر اعلیٰ سطح کا اجلاس

وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت برآمدی شعبے کی ترقی پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ وزیرِ اعظم نے وزارت تجارت کو تمام اسٹیک ہولڈرز اور انٹرپرینیورز سے مشاورت کے بعد ملکی برآمدات کو آئندہ 5برس میں دگنا کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے برآمدی شعبے کی مکمل استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلیے اقدامات کر رہے ہیں۔ آئی ٹی، گھریلو استعمال کی مصنوعات، ٹیکسٹائل اور منفرد شعبوں کی برآمدات کے فروغ کیلئے شعبے کے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔

وزیراعظم سے وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان کی ملاقات

وزیراعظم سے وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کے مسائل پر گفتگو کی گئی۔

وزیرِ اعظم نے گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی، شہباز شریہف نے کہا کہ گلگت بلتستان میں غریب و نادار گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں اور بچیوں کیلئے دانش سکول قائم کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنز میں دانش اسکول تعمیر کئے جائیں کے۔ وزیرِ اعظم نے عطاآباد اور ہارپو پن بجلی منصوبے کی تکمیل پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم سے ایران کے سفیر کی ملاقات

وزیراعظم سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، توانائی تعاون، سڑک اور ریل رابطے، ثقافتی تبادلے، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور سکیورٹی تعاون کو بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا

شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ایران کی حمایت کو خوب سراہا۔ اور فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ایرانی سفیر نے اپنے ملک کی جانب سے پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف کی فرانسیسی سفیر سے ملاقات

شہباز شریف کی فرانسیسی سفیر سے ملاقات کی، ملاقات میں شہباز شریف نے فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے صدر میکرون کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے فرانس کی جانب سے اعلیٰ فرانسیسی کمپنیوں کے کارپوریٹ لیڈروں کو جلد پاکستان کے دورے پر لانے کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ معیشت کا استحکام حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔ ملاقات میں غزہ اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

PMLN

meeting

PM Shehbaz Sharif