Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کے خط کا معاملہ، وزیراعظم کی چیف جسٹس سے ملاقات

شہباز شریف اور قاضی فائز عیسیٰ کی ملاقات تقریباً ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی
شائع 28 مارچ 2024 04:02pm

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی جانب سے لکھے گئے خط کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف کی چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے سپریم کورٹ میں ملاقات ہوئی، جس کے بعد چیف جسٹس نے فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا۔

وزیراعظم شہباز شریف چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ پہنچے جہاں دونوں شخصیات کے درمیان ملاقات ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس پاکستان کی ملاقات چیف جسٹس کے چیمبر میں ہوئی، اس اہم ملاقات میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات ایک گھنٹہ 25 منٹ جاری رہی، ملاقات کے بعد وزیراعظم سپریم کورٹ سے روانہ ہوگئے۔

چیف جسٹس نے فل کورٹ اجلاس دوبارہ طلب کرلیا

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد سپریم کورٹ میں فل کورٹ اجلاس دوبارہ طلب کر لیا، جو کچھ دیر بعد ہوگا۔

گزشتہ روز چیف جسٹس نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کی طرف سے لکھے گئے خط کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے پیغام بھجوایا تھا۔

واضح رہے کہ 26 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز نے عدالتی کاموں خفیہ اداروں کی مبینہ مداخلت اور دباؤ میں لانے سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھا خط سامنے آیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس سمن رفت امتیاز کی جانب سے لکھا گیا۔

خیال رہے کہ اس معاملے پر گزشتہ روز بھی چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر غور کیا گیا اور ججز کے خط کی آئینی و قانونی حیثیت کا جائزہ لیا گیا۔

مزید پڑھیں

ججز کے خط پر انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر

عدلیہ میں خفیہ اداروں کی مبینہ مداخلت اور اثرانداز ہونے پر 6 ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھ دیا

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کی تھی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر پاکستان بار کونسل نے بھی 5 اپریل کو ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کیا ہے، جس میں پاکستان بار کونسل موجودہ صورتحال پر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔

ججز کے خط پر انکوائری کمیشن تشکیل کی درخواست بھی سپریم کورٹ میں دائر کی گئی جس میں وفاقی حکومت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کو بھی فریق بنایا گیا۔

meeting

shahbaz sharif

PM Shehbaz Sharif

Chief Justice Qazi Faez Isa

ihc judges

judges letter