Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی آئی اے کتنے میں فروخت ہوگی، تخمینہ آگیا، 7 عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی

جرمنی، فرانس، ہالینڈ، قطر، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا اور ترکیہ شامل
اپ ڈیٹ 29 مارچ 2024 07:46pm
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

قومی فضائی کمپنی کی نجکاری میں اہم پیش رفت سامنے آرہی ہے، سات بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کردی۔

ذرائع کے مطابق جرمنی، فرانس، ہالینڈ، قطر، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا اور ترکیہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

اس کے علاوہ کئی مقامی گروپس بھی اس لین دین میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

قومی فضائی کمپنی کی نجکاری کے لیے بین الاقوامی مالیاتی مشیر ارنسٹ اینڈ ینگ نے اپنا تخمینہ بھی دے دیا ہے جس میں بتایا گیا کہ پاکستان کی قومی ایئرلائن کتنے میں فروخت ہوگی۔

ارنسٹ اینڈ ینگ نے ادارے کی فروخت سے آمدنی کا اندازہ 25 سے 30 کروڑ ڈالر (69 ارب روپے سے 83 ارب روپے تک) لگایا ہے۔

ذرائع کے مطابق نجکاری کے بعد بھی حکومت پی آئی اے کے 49 فیصد شیئرز اپنے پاس رکھے گی تاہم کنٹرول 51 فیصد شیئر خریدنے والی پارٹی کے حوالے کردیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی خریداری کے لئے سات ملکوں کے سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں، تاہم امکان ہے کہ متحدہ عرب امارات یا قطر پی آئی اے کے اکثریتی حصص حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔

پی آئی اے بورڈ کی خواہش ہے کہ نجکاری کا عمل پندرہ جون تک مکمل کر لیا جائے۔

اس بات کی بھی امید ہے کہ پی آئی اے کی فروخت کا عمل آئی ایم ایف سے قرض کے آئندہ پروگرام سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پی آئی اے کو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ادارے کی تنظیم نو اور نجکاری کی منظوری دی تھی۔

CAA

PIA

PIA Privatisation