Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے سیاسی سرگرمیوں کا اعلان کردیا، 23 کو تقریب کا فیصلہ

30 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ، 21 اپریل کو کراچی میں ریلی کی تیاری
اپ ڈیٹ 22 مارچ 2024 11:21pm

پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں دھاندلی اور دستور سے انحراف کیخلاف 30 مارچ کو اسلام آباد میں جلسے اور 21 اپریل کو کراچی میں بڑی عوامی ریلی کے انعقاد کی منظوری دی گئی۔

کورکمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سینیٹ الیکشن کے حوالے کئی فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔۔

اجلاس میں عمران خان کے خلاف مقدمات پر عدالتی کارروائی اور ان کی بریت کے امکانات پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ کور کمیٹی نے متعدد مقدمات میں عمران خان کی بریت تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا اور عدلیہ سے عمران خان کی سزاؤں کیخلاف اپیلوں اور مقدمات کے میرٹ پر جلد فیصلوں کی ضرورت پر زور دیا۔

اعلامیہ کے مطابق سینٹ انتخابات کی تیاریوں کیلئے مرکزی رہنما سردار لطیف کھوسہ کی رہائشگاہ پر پنجاب کے اراکین اسمبلی کا اجتماع 23 مارچ کو ہو گا۔ کور کمیٹی نے امریکی انڈرسیکرٹری آف اسٹیٹس ڈونلڈ لو کی کانگرس کمیٹی میں پیشی اور بیان کے مندرجات کا بھی جائزہ لیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ سابق سفیر اسد مجید کی جانب سے ڈونلڈ لو کے بیان پر تازہ ردعمل حقائق کے تعین کیلئے انتہائی اہم ہے۔

اجلاس میں ملکی معیشت، آئی ایم ایف سے نئے معاشی پیکیج اور اس کے عوام پر اثرات پر 25 مارچ کو اسلام آباد میں خصوصی پریس کانفرنس کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق یوم پاکستان بھرپور مِلّی جذبے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ یومِ پاکستان کے حوالے سے 23 مارچ کی سہ پہر اسلام آباد میں تقریب منعقد کی جائے گی۔

pti

PTI jalsa

pti leaders

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)