Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سینیٹ انتخابات: زلفی بخاری کے کاغذات مسترد ہونے کا فیصلہ برقرار، صنم جاوید کے منظور

فیصل جاوید سینیٹ انتخابات کیلئے اہل قرار، اعظم سواتی، مراد سعید اور خرم زیشان کو اپیلوں پر نوٹس جاری
اپ ڈیٹ 22 مارچ 2024 04:04pm

پنجاب میں سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلٹ ٹربیونل نے اپیلوں پر فیصلے سنا دیے۔ زلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا فیصلہ برقرار جبکہ پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

اپیلٹ ٹربیونل لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے اپیلوں پر محفوظ فیصلے سنائے۔

یاسمین راشد، شہباز کھوکھر

اپیلٹ ٹریبونل نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کا فیصلہ برقرار رکھا جبکہ مسلم لیگ ن کے شہباز کھوکھر کے اعتراضات مسترد کردیے۔

حبیب الرحمان

اس کے علاوہ دیگر فیصلوں میں اپیلٹ ٹربیونل نے خواجہ حبیب الرحمان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل خارج کر دی۔ عدالت نے ریٹرنگ آفیسر کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

لیگی رہنما خواجہ حبیب الرحمان نے سینٹ کے کاغذات نامزدگی مسترد کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔

زلفی بخاری

ایلیٹ ٹربیونل لاہور ہائیکورٹ نے زلفی بخاری کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل خارج کر دی۔

جسٹس شاہد بلال حسن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے زلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے فیصلے کو بھی برقرار رکھا۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی نشست کے لیے زلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے تھے۔

صنم جاوید

سینٹ انتخابات 2024 کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے ایپلیٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

الیکشن ٹربیونل کے جسٹس شاہد بلال حسن نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، ٹریبونل نے صنم جاوید کی اپیل کو منظور کرلیا، عدالت نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ۔

گزشتہ روز صنم جاوید نے سینیٹ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے تھے۔

یاد رہے کہ پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کی اپنی سالہ مدت پوری ہونے کے بعد خالی ہونے والی 48 نشستوں پر انتخابات 2 اپریل کو ہوں گے۔

فیصل جاوید

خیبرپختوںخوا کے اپیلٹ ٹربیونل نے تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید کو سینیٹ انتخابات کے لیے اہل قرار دے دیا جبکہ اعظم سواتی، مراد سعید اور خرم زیشان کو اپیلوں پر نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد اور منظوری کے خلاف 9 اپیلوں پر اپیلٹ ٹربیونل کے جج جسٹس شکیل احمد نے سماعت کی۔

اپیلٹ ٹربیونل نے تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔

عدالت نے فیصل جاوید کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیل خارج کرکے پی ٹی آئی رہنما کو سینیٹ انتخابات کے لیے اہل قرار دے دیا۔

وکیل شکایت کنندہ نے کہا کہ فیصل جاوید پر اثاثے ظاہر نہیں کرنے کا غلط الزام ہے، امیدوار کو وراثت میں والد سے جائیداد ملی ہے، جس کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا ہے، جس نے اعتراض اٹھایا ہے وہ خود سینٹ الیکشن کا امیدوار ہے۔

اظہر مشوانی

اظہر مشوانی کے خلاف اپیل پر ان کے وکیل نے بتایا کہ جس دستاویز کو بنیاد بنا کر اعتراض اٹھایا گیا وہ جعلی ہے کیونکہ جس اراضی کی بات کررہے ہیں، وہ اظہر مشوانی کی نہیں ہے جس کی تصدیق اظہر مشوانی کے شناخی سے ہوسکتی ہے۔

اپیل کنندہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نام اور ولدیت ایک ہے جس پر عدالت کہا کہ ایک نام اور ولدیت کے لوگ ہوسکتے ہیں لیکن شناختی نمبر مختلف ہے۔

عدالت نے اظہر مشوانی کے وکیل کو حکم دیا کہ آپ تحریری طور پر یہ دیدیں اور شناختی کارڈ کی کاپی منسلک کردیں جس پر پیر کو فیصلہ کرتا ہوں۔

اعظم سواتی، مراد سعید اور خرم زیشان

اپیلٹ ٹربیونل نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی، مراد سعید اور خرم زیشان کی اپیلوں پر نوٹس جاری کرکے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔

سماعت کے دوران جسٹس شکیل نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے مکالمہ کیا کہ تاج محمد نے سب پر اعتراض کیا ہے، یہ کون ہے، کہی آپ نے تو انکے خدمات حاصل نہیں کئے تھے۔

عدالت نے فریقین کے وکلاء کو کہا کہ آپ کیسز تیار کرلیں، پیر کو دلائل سنیں گے اور باقی تمام اپیلوں پر 25 مارچ کو فیصلہ کریں گے۔

’گورنر نے جو اجلاس بلایا وہ غیر قانونی ہے‘، فیصل جاوید، اعظم سواتی

پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ عدالتوں سے انصاف کی توقع ہے، ہمارے اوپر لگائے گئے اعتراضات بے بنیاد ہیں، ہمارے سب ساتھی عدالت میں پیش ہو کر اعتراضات کا جواب دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنماء اعظم سواتی نے بھی پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امید ہے اپیلٹ ٹربیونل سے منظوری مل جائے گی، قانون اپنا راستہ ڈھونڈ لے گا، 18 سال سینیٹ کو لیڈ کرتا رہا، اب کہتے ہیں ٹیکنوکریٹ نہیں۔

انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس کا سینیٹ سے کوئی تعلق نہیں، گورنر نے جو اجلاس بلایا وہ غیر قانونی ہے، گورنر کو ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے درخواست ہے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا فیصلہ جاری کیا جائے، فیصلہ اگر ہمارے خلاف آیا بھی تو ہم سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

Senate election

nomination papers

Election Commission of Pakistan (ECP)

Nomination Papers Accepted

Sunni Ittehad Council

nomination papers rejected