Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

نواز شریف کی زیر صدارت انتظامی اجلاس کیخلاف درخواست، عدالت کا اظہار برہمی

عدالت نے درخواست گزار وکیل کو سرکاری دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کردی
شائع 21 مارچ 2024 03:34pm

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت انتظامی اجلاس کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے برہمی کا اظہار کیا جبکہ عدالت نے درخواست گزار وکیل کو سرکاری دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت انتظامی اجلاس کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس مزمل اختر شبیر نے شہری مشکور حسین کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کے حوالے سے نواز شریف اور مریم نواز نے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی جبکہ نواز شریف کے پاس کوئی عوامی یا انتظامی عہدہ نہیں ہے لہٰذا عدالت نواز شریف کو انتظامی سطح پر اجلاس کی صدارت سے روکنے کا حکم جاری کرے۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ اجلاس سے متعلق آپ کوئی سرکاری دستاویزات پیش کریں، پریس ریلیز میں کسی کے دستخط نہیں ہیں، آپ سرکاری دستاویزات پیش کریں۔

جس پر درخواست گزار کے وکیل نے سرکاری دستاویزات پیش کرنے کے لیے مہلت کی استدعا کی۔

عدالت نے درخواست گزار کو سرکاری دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوتے کارروائی ملتوی کردی۔

Nawaz Sharif

Maryam Nawaz

Lahore High Court

Maryam Nawaz Sharif

CM Punjab Maryam Nawaz