Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

توہین عدالت کیس میں ڈی سی اسلام آباد کی سزا کا فیصلہ معطل

جب توہینِ عدالت کی کارروائی ہوتی ہے تو معافیاں مانگتے ہیں، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب
شائع 20 مارچ 2024 05:04pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کشمنر (ڈی سی) اسلام آباد عرفان نواز میمن اور دیگر کی توہین عدالت کیس میں سزا کا فیصلہ معطل کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ڈی سی اسلام آباد اور دیگر کی انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت کی جس میں توہین عدالت کیس میں سزا کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اپنے وکیل راجہ رضوان عباسی، ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر اپنے وکیل شاہ خاور جبکہ ایس ایچ او تھانہ مارگلہ ناصر منظور اپنے وکیل عمران فیروز ملک کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔

ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر کے وکیل شاہ خاورایڈووکیٹ نے کہا کہ قانون کے مطابق جب اپیل فائل ہوتی ہے تو عدالت معطل کر سکتی ہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کون سا آرڈر تھا جس کی خلاف ورزی ہوئی ہے؟، جس پر راجہ رضوان عباسی نے بتایا کہ شہریار آفریدی کا ایم پی او آرڈر جاری کیا گیا تھا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ریمارکس دیے کہ ہمارے حکم امتناعی کو اسلام آباد پولیس دیکھتی بھی نہیں ہے، ہم گرفتاری سے روکتے ہیں تو وہ لازمی گرفتار کر لیتے ہیں، جب توہینِ عدالت کی کارروائی ہوتی ہے تو معافیاں مانگتے ہیں، ہم تو آپ کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ملتوی کر دی، جس کی تاریخ بعد میں رجسٹرار آفس مقرر کرے گا۔

مزید پڑھیں

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی سزا کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر نیا بینچ تشکیل

توہین عدالت کیس: غیر مشروط معافی مسترد، ڈی سی اسلام آباد کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

توہین عدالت کیس فیصلے کیخلاف ڈپٹی کمشنر اسلام آباد و دیگر کی اپیلیں سننے والا بینچ ٹوٹ گیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنراسلام آباد کو 6 ماہ، ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ جبکہ ایس ایچ او تھانہ مارگلہ کو 2 ماہ قید اورایک ، ایک لاکھ روپے جرمانوں کی سزا کا فیصلہ معطل کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ آئندہ سماعت تک سزائیں معطل رہیں گی۔

سنگل بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے تمام سزائیں مختصر ہونے کے باعث ایک ماہ کے لیے معطل کی تھیں اور اپیل دائر کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ڈویژن بینچ 30 روز کے اندر اپیل میں سزا معطل نا کرے تو ڈپٹی کمشنرسمیت دیگرکوتحویل میں لے کر اڈیالہ جیل بھجوا دیا جائے۔

Justice Amir Farooq

Islamabad High Court

Contempt of Court

deputy commissioner islamabad

dc islamabad

irfan nawaz memon

justice miangul hassan aurangzeb