Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں حسن نواز اور حسین نواز بری

نوازشریف کے صاحبزادوں کو احتساب عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا
اپ ڈیٹ 19 مارچ 2024 04:53pm
فوٹو ۔۔۔ فائل
فوٹو ۔۔۔ فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کو اسلام آباد کی احتساب عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا، عدالت نے دونوں کو ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں بری کردیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کی قومی احتساب بیورو (نیب) کے ریفرنسز میں بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

اس موقع پر حسن اور حسین نواز کی جانب سے قاضی مصباح الحسن ایڈووکیٹ کے علاوہ ان کے پلیڈر رانا محمد عرفان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

احتساب عدالت نے استفسار کیا کہ بریت کی درخواست پر آپ کی رپورٹ آنی تھی، جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول نے بتایا کہ اس کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ رکاوٹ نہیں، عدالت اس کیس کا فیصلہ کرسکتی ہے۔

عدالت نے ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول سے مکالمہ کیا کہ ہم آپ کا بیان ریکارڈ کرلیتے ہیں۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول نے عدالت کو بتایا کہ آپ میرا بیان ریکارڈ کرلیں، یہ کیس نیب ترامیم سے متعلق نہیں ہے، اس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن صفدر کی حد تک فیصلہ بھی کر چکی ہے۔

اظہر مقبول نے مؤقف اپنایا کہ مریم نواز کی بریت کے خلاف ہم نے اپیل دائر نہیں کی تھی، حسن، حسین نواز پر سازش اور معاونت کا الزام ہے، حسن نواز اور حسین نواز کے کیسز میں مرکزی ملزمان بری ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں

نواز شریف کن مقدمات میں بری ہوچکے اور ابھی کتنوں کا انہیں سامنا کرنا ہے؟

احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے

بعد ازاں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے نیب وکلاء اور وکیل صفائی کے دلائل مکمل ہونے کے بعد بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد میں سناتے ہوئے حسن اور حسین نواز کو ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فیلگ شپ ریفرنسز میں بری کر دیا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے نواز شریف کے صاحبزادوں کی درخواست بریت پر فیصلہ سنایا۔

pti

PMLN

accountability court

Nawaz Sharif

Avonfield reference

Pakistan Politics

Hussain Nawaz

Al Azizia Reference

Flagship reference

hassan nawaz