عمران خان کی علی امین گنڈاپور کو سکیورٹی اداروں سے تعاون کی ہدایت
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اپنے سرکاری پروٹوکول کے بغیر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور پروٹوکول کے بنا اڈیالہ جیل پہنچے۔
جیل ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کانفرنس روم میں ہوئی، علی امین گنڈاپور ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل سے روانہ ہو گئے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے آج ہی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
اسپیشل اٹارنی ہدایت اللہ کے ذریعے دائر کی گئی درخواست دائر میں وزارت داخلہ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان سے جیل میں ملاقات درخواست گزار کا بنیادی حق ہے، عمران خان سے سیاسی اور قانونی امور پر مشاورت کے لیے ملاقات کی اجازت دی جائے اور مشاورتی ملاقات میں رازداری کو یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔
دوسری جانب سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ جیل کے باہر خاردار تاریں لگا دی گئیں ہیں، جبکہ اضافی نفری بھی تعینات ہے۔
برسٹر محمد علی سیف نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ہوئی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں سیاسی امور پر مشاورت کی گئی، وزیراعلی خیبرپختونخوا نے سیاسی امور پر عمران خان سے ہدایات لیں، اور سینیٹ الیکشن میں خیبرپختونخوا سے ناموں پر مشاورت بھی ہوئی، علی امین گنڈاپور نے سینیٹ الیکشن کیلئے ناموں کی منظوری لی۔
بیرسٹر سیف کے مطابق وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وزیر اعظم سے ملاقات کے بارے میں بانی پی ٹی آئی کو تفصیلی بریفننگ دی، بانی پی ٹی آئی نے وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہدایت دی کہ صوبائی حقوق کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ علی امین گنڈا نے آئندہ ہونے والے ایس آئی ایف سی اجلاس کی حوالے سے بھی مشاورت کی، بانی پی ٹی آئی نے وزیراعلی کو ہدایت دی کہ صوبائی حقوق کے لیے ایس آئی ایف سی اور دیگر وفاقی پلیٹ فارم پر بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران صوبے میں امن وامان کے حوالے سے بات چیت ہوئی، ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے شمالی وزیرستان میں ہونے والے حملے پر افسوس کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ صوبے میں سیکیورٹی صورتحال کی بہتری کے لیے ہر قسم اقدامات اٹھائیں، بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلیٰ کو ہدایت دی کہ سیکیورٹی معاملات میں سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں۔
بیرسٹر سیف کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے صحت کارڈ کی بحالی اور رمضان پیکیج پر بھی بریفنگ دی جس پر بانی پی ٹی آئی نے خوشی کا اظہار کیا۔
Comments are closed on this story.