Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پرویزالہٰی کی درج مقدمات کی تفصیلات لینے کی درخواست پر فریقین سے رپورٹ طلب

لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی
شائع 15 مارچ 2024 04:19pm

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کی درج مقدمات کی تفصیلات لینے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پولیس سمیت دیگر فریقین سے درج مقدمات کی رپورٹ طلب کرلی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت کی۔

پرویزالہٰی نے درج مقدمات کی تفصیلات لینے کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سیاسی مقدمات پرویزالہٰی پر درج کیے جارہے ہیں، عدالت متعلقہ اداروں سے درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔

دوران سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل فرخ خان لودھی پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ اس نوعیت کی درخواست پر جواب دے چکے ہیں، درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔

پرویزالہی کے وکیل نےکہا کہ ہم پرویز الہی کی ضمانتیں متعلقہ عدالتوں سے لے رہے ہیں جس پر پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ ان مقدمات ہونے والی ضمانتوں کے فیصلے کی کاپی درخواست کے ساتھ نہیں لگائی۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو جن مقدمات میں ضمانتیں ہوچکی ہیں، اس کا تحریری فیصلہ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی۔

pti

Chaudhry Pervaiz Elahi

Lahore High Court

Pervaiz Elahi