عدلیہ سے بڑی توقعات ہیں، امید کرتے ہیں کہ ہمیں بھی انصاف ملے گا، بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے بڑی توقعات ہیں، امید کرتے ہیں کہ ہمیں بھی انصاف ملے گا۔
بیرسٹر گوہر کی جانب سے درخواست میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، سیکرٹری جنرل عمر ایوب اور سیکرٹری شبلی فراز کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے، سینیٹ کے الیکشن، قومی اسمبلی کی مختلف کمیٹیوں اور پارٹی معاملات کے متعلق مشاورت کرنی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار نے متعدد بار سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے ملاقات کے لیے کہا مگر اجازت نہیں دی گئی، عدالت سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ملاقات کے لیے حکم جاری کرے۔
بیرسٹر گوہر کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ جنرل الیکشنز کے کچھ دستاویزات تھے جو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے کے لیے لے کر گئے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سینیٹ انتخابات ہو رہے ہیں، اس لیے درخواست دی ہے کہ عمران خان سے دستاویزات کے ہمراہ مشاورت کی اجازت دی جائے، عدلیہ ہی ہے، بڑی توقعات ہیں ہمیں عدلیہ پر، ہمشہ آتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہمیں بھی انصاف ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیزی کے ساتھ فیصلے ہوئے ہیں چاہے سپریم کورٹ، ہائیکورٹ یا پھر ٹرائل کورٹ ہو، جس غیر آئینی اور غیر قانونی طریقے سے ٹرائل چلایا گیا ہے، عدلیہ کی ذمہ داری ہے نوٹس لے، عدلیہ سے امید ہے کہ ہمیں بھی انصاف ملے گا۔
Comments are closed on this story.