Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کردیے

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد محفوظ شدہ فیصلہ سنادیا
شائع 07 مارچ 2024 02:59pm

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پانامہ ریفرنسز میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے ایون فیلڈ ریفرنس میں حسن نواز اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر سماعت کی۔

اس موقع پر حسن نواز اور حسین نواز کے وکلاء قاضی مصباح الحسن اور رانا عرفان ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر اور پراسیکیوٹر سہیل عارف بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دوران سماعت حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح الحسن ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا گیا، ان کے دائمی وارنٹ جاری ہوئے، ان 3 ریفرنسز میں دیگر ملزمان بری ہو گئے تھے، حسن اور حسین نواز 12 مارچ کو پاکستان آنا اور احتساب عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی وکیلِ صفائی قاضی مصباح نے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ معطل کرنے کی استدعا کر دی۔

نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ قانون کہتا ہے کہ ملزمان عدالت میں پیش ہوں، پیش ہونا پڑے گا، اس کے بغیر وارنٹِ گرفتاری معطل نہیں ہوسکتے، وارنٹ کا مطلب ہی ملزم کو عدالت لانا ہے، حسن نواز اور حسین نواز کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔

وکیل صفائی قاضی مصباح نے عدالت کو بتایا کہ ایون فیلڈ میں 5 ملزمان تھے، احتساب عدالت نے 3 کو سزا دی، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 3 ملزمان کو بری کر دیا تھا۔

جس کے بعد احتساب عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ معطل کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو 2 بجے سنایا جانا تھا۔

تاہم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔

احتساب عدالت نے 14 مارچ تک کے لیے ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کیے۔

واضح رہے کہ نوازشریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسن نواز نے گزشتہ روز وطن واپسی سے قبل وارنٹ معطلی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

حسین اور حسن نواز نے نیب ریفرنسز ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، احتساب عدالت نے 7 سال قبل دونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دیا تھا۔

PMLN

accountability court

Nawaz Sharif

اسلام آباد

Avonfield reference

judge nasir javed rana

Hussain Nawaz

hassan nawaz

panama references