Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

دورہ پاکستان: نیوزی لینڈ کا وفد سیکیورٹی انتظامات پر مطمئن ہوگیا

محسن نقوی سے نیوزی لینڈ کے 2 رکنی سیکیورٹی وفد کی ملاقات
اپ ڈیٹ 06 مارچ 2024 03:21pm

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے نیوزی لینڈ کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرا دی، جس کے بعد نیوزی لینڈ سیکیورٹی وفد نے آٸندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سیکیورٹی پلان پر اطمینان کا اظہار کردیا۔ اس کے علاوہ چیئرمین پی سی بی سے پی ایس ایل فرنچائز مالکان اور نمائندوں نے بھی ملاقات کی ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے نیوزی لینڈ کے 2 رکنی سیکیورٹی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں کیوی وفد کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیے گئے سیکورٹی اقدامات سے آگاہ کیا۔

سیکیورٹی وفد میں نیوزی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کےسی ای اوہیتھ ملز، سکیورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈکاسن شامل تھے جبکہ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹر سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کرنل خالد اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل پاکستان کرکٹ بورڈ عثمان واہلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے انتظامات اور سیکیورٹی پلان پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اس کے علاوہ وفد نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سیکیورٹی پلان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شاندار قرار دیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کیوی وفد کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پاکستان کے مہمان ہیں، کیوی ٹیم کے لیے بہترین سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی سے فرنچائز مالکان اور نمائندوں کی ملاقات

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے فرنچائز مالکان اور نمائندوں نے ملاقات کی۔ جس میں محسن نقوی نے پی ایس ایل کو مزید خوب سے خوب تر بنانے کیلٸے فرنچاٸز سے تجاویز مانگتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کی پہچان ہے۔

اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہونیوالی ملاقات میں فرنچائز کی نمائندگی ملتان سلطانز کے مالک علی ترین، لاہور قلندرز کے عاطف رانا اور سمین رانا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ندیم عمر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کی ۔

فرنچائز مالکان نے محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی کے عہدے کی مبارکباد دیتے ہوئے پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے لاہور اور ملتان میں میچز کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔

چیئرمین پی سی بی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں مسلسل تعاون اور اس لیگ کو ایک برانڈ بنانے پر فرنچائز مالکان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پی ایس ایل کو مزید خوب سے خوب تر بنانے میں آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔کرکٹ کے فروغ کیلئے قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کریں گے۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، لیگ کمشنر نائلہ بھٹی، ڈائریکٹر پاکستان سپر لیگ صہیب شیخ بھی اس موقع پرموجود تھے۔

PCB

lahore

Pakistan vs New Zealand

mohsin naqvi

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

New Zealand security delegation

security arrangments