Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں میں تقسیم، قومی اسمبلی میں ن لیگ 123 پر پہنچ گئی

صوبائی اسمبلیوں میں بھی نشستیں دوسری جماعتوں کو مل گئیں
اپ ڈیٹ 06 مارچ 2024 12:26pm

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں سنی اتحاد کونسل کے حصے میں انے والی مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں میں تقسیم کردی ہیں جس کے بعد حکمران اتحاد کو دو تہائی اکثریت حاصل ہوگی ہے۔

قومی اسمبلی میں خصوصی نشستوں کی الاٹمنٹ کے بعد 334 نشستوں کی نئی پارٹی پوزیشن سامنے آگئی ہے، جس کے مطابق مسلم لیگ نواز 123 نشستوں کے ساتھ قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔

مسلم لیگ نواز نے 75 جنرل نشستیں سیٹیں جیتیں اور پھر اس میں 9 آزاد اراکین شامل ہوئے، ن لیگ کو خواتین کی 34 اور اقلیتوں کی 5 نشستیں ملیں۔

قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی تعداد 82 ہے، جسے کوئی مخصوص نشست نہ مل سکی۔

پیپلز پارٹی کے ارکان کی مجموعی تعداد 73 ہوگئی ہے، پیپلز پارٹی نے 54 جنرل نشستیں جیتیں، جبکہ خواتین کی 16 اور اقلیتوں کی 3 نشستیں اسے ملیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان کی مجموعی تعداد 22 ہے، ایم کیو ایم کو 17 جنرل نشستیں ملیں ساتھ ہی خواتین کی 4 مخصوص نشستیں اور ایک اقلیتی نشست ملی۔

جمیعت علماء اسلام کے ارکان کی مجموعی تعداد بھی 11 ہو گئی، جے یو آئی نے 6 جنرل نشستیں جیتیں، اسے خواتین کی 4 مخصوص نشستیں اور اقلیت کی ایک نشست بھی ملی۔

استحکام پاکستان پارٹی کے مجموعی ارکان کی تعداد 4 ہے جس میں سے آئی پی پی کو 3 جنرل نشستیں ملیں جبکہ خواتین کی مخصوص نشست ایک ملی۔

قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے ارکان کی تعداد 5 ہے، ق لیگ نے تین جنرل نشستیں جیتیں، اس میں ایک آزاد رکن شامل ہوا اور اسے خواتین کی ایک مخصوص نشست ملی۔

اسی طرح مجلس وحدت المسلمین، مسلم لیگ ضیا، بلوچستان عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل، نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ایک ایک نشست جیت سکی۔

قومی اسمبلی میں آزاد اراکین کی تعداد 8 ہے، ایک حلقے این اے 8 باجوڑ میں الیکشن نہیں ہوا جبکہ دو حلقوں این اے 15 مانسہرہ اور این اے 146خانیوال کا نوٹیفکیشن روک رکھا ہے۔

سندھ اسمبلی

الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کی ایک اقلیتی نشست اور خواتین کی مزید دو مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے بعد پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو مخصوص نشستیں الاٹ کردی گئی۔

خواتین کی مخصوص نشستیں پانے والوں میں پیپلز پارٹی کی سمیتا افضال اور ایم کیو ایم کی فوزیہ حمید شامل ہیں۔

پیپلز پارٹی کے سریندر ولاسائی کو اقلیتی نشست الاٹ کی گئی ہے۔

سات مارچ کو پانچ ارکان اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے، جن میں فوزیہ حمید، نثار کھوڑو، جام مہتاب، سمیتا افضال اور سریندر ولاسائی شامل ہیں۔

مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بعد سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی نشستوں کی تعداد 116، جبکہ ایم کیوایم کی نشستوں کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔

اسی طرح اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے نو، جی ڈی اے کے تین اور جماعت اسلامی کا ایک رکن موجود ہے۔

پنجاب اسمبلی

پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق پیپلز پارٹی کو دو اور مسلم لیگ ن کو ایک نشست مل گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ثمینہ خالد گھرکی، نتاشہ دولتانہ اور تمکین نیازی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئی ہیں۔

اسی طرح اقلیتوں کی ایک ایک مخصوص نشست مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یوآئی ایف کو دے دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نیلم ، جیمز اقبال اور رمیشن کمار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کی نشستیں

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین کی 20 مخصوص نشستوں کا اعلامیہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق جے یو آئی کو 8، جبکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو پانچ پانچ نشستیں مل گئی ہیں، اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی اورپی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کو ایک ایک نشست دیدی گئی۔

ن لیگ کی ثوبیہ شاہد، غزالہ انجم، شہلا بانو اور شاہین رکن اسمبلی ہیں۔

اسی طرح جے یو آئی کی نعیمہ کشور خان اور صدف احسان، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی عاصمہ عالمگیر اور نعیمہ کنول کو بھی مخصوص نشستیں الاٹ کردی گئی ہیں۔

Sindh Assembly

MQM Pakistan

reserved seats

Pakistan People's Party (PPP)

Sunni Ittehad Council