9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس: ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت منظور
لاہور کی انسداد دہشت گری عدالت لاہور نے 9 مئی گلبرگ میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹریاسمین راشد کی ضمانت منظور کرلی۔
لاہور کی انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت پر فیصلہ سنایا۔
عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت منظور کرلی، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کی ضمانت 5 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض منظور کی۔
واضح رہے کہ تھانہ گلبرگ پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف 9 مئی کو عسکری ٹاور پر حملے کا مقدمہ درج کررکھا ہے۔
صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر مزید سماعت 6 مارچ تک ملتوی
دوسری جانب لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی تھانہ شادمان کو نذرِآتش کرنے کے مقدمے میں پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کی درخواست ضمانت کے لیے کیس پر سماعت کی، پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمہ کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر عدالت نے مزید سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس پرسماعت کی۔
سرکاری وکیل نے دلائل دیے کہ صنم جاوید 9 مئی کو ریاست مخالف سازش کا حصہ ہے، ملزمہ نے پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ مل کر جلاؤ گھیراؤ میں مدد کی۔
صنم جاوید کے وکیل شکیل پاشا ایڈوکیٹ نے اپنے دلائل مکمل کر رکھے ہیں، صنم جاوید کو ہر ضمانت کے بعد دوسرے مقدمہ میں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔
ایڈووکیٹ شکیل پاشا نےعدالت کومزید بتایا جس مقدمہ میں اب گرفتار کیا گیا ہے، اس میں صنم جاوید کا کوئی کردار نہیں، عدالتی فیصلوں کے مطابق بھی خاتون کو جلد ضمانت ملنی چاہیئے جبکہ ملزمہ صنم جاوید کی 6 مقدمات میں ضمانت ہو چکی ہے۔ بعدازاں عدالت نےسماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی۔
Comments are closed on this story.