Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

صدر نے اجلاس نہ بلا کر بالکل ٹھیک کیا، دوبارہ احتجاج کی کال دینے لگے ہیں، عمران خان

عمران خان نے آئی ایم ایف کو خط میں کیا لکھوایا؟
اپ ڈیٹ 27 فروری 2024 09:16pm

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ صدر پاکستان نے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر بالکل ٹھیک کیا، آئی ایم ایف کو لکھا جانے والا خط میں نے ڈکٹیٹ کروایا تھا، عوامی مینڈیٹ کی چوری ہوئی ہے، ہفتے کے روز دوبارہ احتجاج کی کال دینے لگے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے خلاف ہیں، محمود اچکزئی کے حوالے سے سوال کا جواب بانی پی ٹی آئی نے نہیں دیا۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ان لوگوں نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے، آئی ایم ایف کو لکھا جانے والے خط کو ملک سے غداری قرار دیا جا رہا ہے حالانکہ فیٹیف کی قانون سازی کی ان ہی لوگوں نے مخالفت کی تھی اور مطالبہ کیا جارہا تھا کہ ان کے کیسز ختم کیے جائیں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ میں جیل سے کوئی بھی چیز لکھ کر باہر نہیں بھیج سکتا، آئی ایم ایف کو لکھا جانے والا خط میں نے ڈکٹیٹ کروایا ہے، خط ڈکٹیٹ کروانے کے بعد سے اب تک پارٹی رہنماؤں سے ملاقات نہیں ہوئی، آج پارٹی رہنماؤں سے ملاقات ہوگی، پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد آج آئی ایم ایف کو خط بھیج دیا جائے گا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ خط میں یہی لکھا جائے گا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا، تمام معیشت دان یہ کہتے ہیں کہ وسائل پیدا کیے بغیر قرض پر ملک نہیں چل سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ساری قوم کہہ رہی ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے، 20 نشستوں والے کو وزیراعظم بنایا جا رہا ہے، سارا ملک انتخابات میں ان کے خلاف کھڑا ہوا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا استعفا ضرور بنتا ہے، چیف الیکشن کمشنر نے ہمیں لیول پلینگ فیلڈ نہیں دی، نگران حکومتیں بھی ہمارے خلاف لگائی گئی ہیں، الیکشن کمیشن انتخابات کے بعد بھی دھاندلی میں مصروف ہے اس سے کوئی امید نہیں ہے۔

بانی پی ٹی آئی ںے کہا کہ صدرعارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر بالکل ٹھیک کیا، پارٹی جیتی ہوئی ہے مگر مخصوص نشستیں نہیں دی جارہیں، الیکشن میں پی ٹی آئی کوختم کرنے کی پوری کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا جنازہ نکل گیا ہے ہفتے کے روز دوبارہ احتجاج کی کال دینے لگے ہیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ فضل الرحمن کو ڈیزل اور اچکزئی کو غدارکہتے تھے آج اپنے فائدے کے لیے ان سے رابطے بڑھا رہے ہیں؟ اس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے خلاف ہیں جنہیں دھاندلی کر کے جتوایا گیا، ہم دھاندلی کر کے ہرائی جانے والی جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں ان کے ساتھ مل کر ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ اگر محمود خان اچکزئی آپ کے ساتھ مل جائیں تو کیا پھر وہ غدار نہیں ہوں گے؟ بانی پی ٹی آئی اس سوال کا جواب دیے بغیر چلے گئے۔

imran khan

PTI protest

Adiyala Jail