Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مریم نواز نے اپوزیشن کو ایوان میں بلانے کیلئے خیرسگالی کا مظاہرہ کیا، ملک احمد

اپوزیشن نے بائیکاٹ کرکے آئین کا بائیکاٹ کیا ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی
شائع 26 فروری 2024 05:17pm
فوٹو ۔۔ فائل
فوٹو ۔۔ فائل

پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے موقع پر حزب اختلاف کے بائیکاٹ کے حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے بائیکاٹ کرکے آئین کا بائیکاٹ کیا ہے، مریم نواز نے انہیں ایوان میں بلانے کیلئے خیرسگالی کا مظاہرہ کیا۔

یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے لئے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار رانا آفتاب احمد نے پوائنٹ آف آرڈر پر بولنے کی اجازت طلب کی جس پر اسپیکر ملک محمد احمد نے رانا آفتاب کو بولنے سے منع کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج کے اجلاس میں صرف وزیراعلیٰ کا چناؤ ہونا ہے، آپ نہیں بول سکتے۔

سُنی اتحاد کونسل کے ارکان بات نہ سُنے جانے پر ایوان سے واک آؤٹ کرگئے تھے، بائیکاٹ برقرار رہنے پر اسپیکر ملک محمد احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کے بغیر ہی ووٹنگ کا آغازکروا دیا تھا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ملک احمد نے کہا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق تھا، مریم نواز نے انہیں ایوان میں بلانے کیلئے خیرسگالی کا مظاہرہ کیا، اب ایوان میں کوشش کرینگے کہ کسی کی حق تلفی نہ ہو، اب سب کے پاس برابر کے موقع ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آئین و قانون پر چلنے والا شخص ہوں، میں نے اپوزیشن والوں کو منانے کیلئے بار بار مسلم لیگ ن والوں کو بھیجا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ مجھے برا لگ رہا تھا جب اپوزیشن کے لوگ ایوان میں موجود نہیں تھے۔

انھوں نے کہا کہ مریم نواز کی تقریر سن کر لگا کہ ان کا عوام کی نبض پر ہاتھ ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی چیف ایگزیکٹو اور سینیئر نائب صدر مریم نواز وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بن گئیں، انہوں نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔

punjab

punjab assembly

CM Punjab Maryam Nawaz